اقوامِ متحدہ(ہ س)۔اقوامِ متحدہ نے منگل کے روز کہا کہ دن کے وقت اسرائیل فوجی کارروائیوں میں وقفے کے باوجود وہ اسرائیل کے زیرِ قبضہ کرم شالوم کراسنگ سے غزہ کی پٹی میں امداد تقسیم کرنے سے قاصر رہا ہے کیونکہ اس علاقے میں لاقانونیت ہے اور فاقہ زدہ لوگوں میں خوف و پریشانی پائی جاتی ہے۔اسرائیل کی فوج نے اتوار کے روز کہا تھا کہ اس سڑک کے ساتھ ساتھ جو براستہ کرم شالوم راہداری اسرائیل سے صلاح الدین روڈ اور غزہ میں شمال کی طرف جاتی ہے، وہاں تا حکمِ ثانی اس کے حملوں میں صبح پانچ بجے سے شام چار بجے تک روزانہ وقفہ رہے گا۔اقوامِ متحدہ کے ترجمان فرحان حق نے منگل کو کہا کہ اقوامِ متحدہ نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے لیکن انہوں نے مزید کہا، "اس کے نتیجے میں ضرورت مند لوگوں تک مزید امداد پہنچنا باقی ہے۔” انہوں نے کہا، کرم شالوم اور صلاح الدین روڈ کے درمیان کا علاقہ بہت خطرناک ہے۔انہوں نے کہا، "امداد لینے میں ناکامی کی واحد وجہ لڑائی نہیں ہے۔۔۔ علاقے میں پولیس یا قانون کی حکمرانی کے فقدان کی وجہ سے امدادی سامان کی منتقلی بہت خطرناک ہو جاتی ہے۔حق نے کہا، "لیکن ہم تمام فریقوں کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں تاکہ امداد کی غزہ میں ضرورت مندوں تک ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے اور ہم حکام اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ ہم یہ دیکھنے کی کوشش کریں گے کہ سکیورٹی کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب امداد کسی جگہ پہنچتی ہے تو وہاں کے لوگ فاقہ زدہ ہوتے ہیں اور وہ یہ سوچ کر پریشان اور خوفزدہ ہو جاتے ہیں کہ شاید یہ ان کا آخری کھانا ہو۔ ہمیں ان کو یقین دہانی کروانا ہوگی کہ سامان کی روانی باقاعدہ ہوگی تاکہ جب ہم علاقے میں پہنچیں تو لوگ خوف و پریشانی کا شکار نہ ہوں۔”اقوامِ متحدہ اور امدادی گروپوں نے طویل عرصے سے پورے غزہ میں امداد کے حصول اور اس کی تقسیم میں درپیش خطرات اور رکاوٹوں کی شکایت کی ہے۔ اقوامِ متحدہ نے کئی بار قحط سے بھی خبردار کیا ہے۔جب سے اسرائیل اور حماس کی جنگ شروع ہوئی ہے، 2.3 ملین فلسطینیوں کے لیے امداد بنیادی طور پر دو راہداریوں سے جنوبی غزہ میں داخل ہوئی ہے – مصر سے رفح اور اسرائیل سے کرم شالوم۔لیکن ترسیل اس وقت متاثر ہوئی جب اسرائیل نے گذشتہ ماہ رفح میں حماس کے باقی ماندہ یونٹ ختم کرنے کے لیے اپنی فوجی کارروائیوں میں اضافہ کیا۔ مصر نے انسانی ہمدردی کے کاموں کو لاحق خطرے کی وجہ سے رفح راہداری کو بند کر دیا اور کیرم شالوم کے راستے امداد اور ایندھن کے ذخیرے کو روک دیا۔حق نے منگل کو کہا کہ رفح راہداری بند ہے اور کرم شالوم کے راستے رسائی محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ لڑائی میں اضافے کی وجہ سے غزہ کے شمال میں ایریز راہداری قابلِ رسائی نہیں تھی جبکہ مغربی ایریز اور زیکیم راہداریاں فعال تھیں۔