اسلام آباد (ہ س)۔ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع لکی مروت کے علاقے درہ پیجو میں آج ہونے والے ایک دھماکے میں کم از کم تین ٹریفک پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے کے بعد ٹریفک پولیس کی گاڑی میں آگ لگ گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ موبائل وین انچارج عمران بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔اے آئی وائی نیوز چینل کی خبر کے مطابق واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ خیبر پختونخواہ کی پولیس نے بتایا کہ ایک دن پہلے، عسکریت پسندوں نے کرم پل کے قریب ایک وائلڈ لائف پارک کی عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا۔ جس سے وائلڈ لائف پارک کے دفتر کو نقصان پہنچا۔ تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔












