ممبئی (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سبکدوش ہونے والے ہیڈ کوچ راہل دراوڈ نے نئے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو ان کی نئی اننگز کے لیے مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کی مدد کرتے ہیں اور میدان پران سے ان کی بہترین کارکردگی کونکلوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
بی سی سی آئی نے ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس میں گمبھیر ایک لیپ ٹاپ کے سامنے بیٹھے ہیں اور اپنے سینئر ساتھی کی صلاح سن رہے ہیں۔ پیغام میں، دراوڈ کہتے ہیں، "ایک ٹیم میٹ کے طور پر، میں نے آپ کو میدان میں اپنا سب کچھ دیتے دیکھا ہے۔ ایک ساتھی کے طور پر، میں نے آپ کی سختی کا مشاہدہ کیا ہے جو کبھی بھی ہار نہیں مانتا۔ میں آپ کی جیتنے کی خواہش کو دیکھا ہے۔ آپ نوجوان کھلاڑیوں کی حمایت کرتے ہیں اور میدان میں ان سے ان کی بہترین کارکردگی نکلوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ میں جانتا ہوں کہ آپ ہندوستانی کرکٹ کے لیے کتنے وقف اور پرجوش ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آپ ان تمام خوبیوں کو اپنی نئی اننگز میں لائیں گے۔‘‘
دراوڈ نے کہا، "جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ آپ سے توقعات بہت زیادہ ہوں گی اور آپ کی کارکردگی کو بھی ہر وقت جانچا جائے گا۔ لیکن بدترین وقت میں بھی، آپ کبھی تنہا نہیں ہوں گے۔ آپ کو کھلاڑیوں، معاون عملے، سابق کپتانوں، ٹیم مینجمنٹ اور شائقین کی حمایت حاصل رہے گی، جن کی توقعات تو بہت زیادہ ہوتی ہیں لیکن وہ ہمیشہ ٹیم کے ساتھ بھی کھڑے رہتے ہیں۔”
گزشتہ ماہ بارباڈوس میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے کے بعد دراوڈ نے کہا تھا کہ اس جیت میں قسمت کا بھی اہم کردار ہے جس کی وجہ سے ان کی ٹیم ٹرافی جیتنے میں کامیاب رہی۔ انہیں امید تھی کہ اس سے گمبھیر کو بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا، "میں یہ بھی امید کرتا ہوں کہ قسمت آپ کا ساتھ دے کیونکہ ہم کوچز کو تھوڑا زیادہ اسمارٹ اور سمجھدار نظر آنے کے لیے قسمت کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔” انہوں نے کہا، "اگرچہ یہ کرنا آپ کے لیے مشکل ہو، مسکرائے۔ جب آپ ایسا کریں گے، لوگ حیران رہ جائیں گے۔‘‘
دراوڈ نے کہا، "ایک ہندوستانی کوچ کی طرف سے دوسرے ہندوستانی کوچ کو یہ پیغام ہے کہ مشکل ترین وقت میں بھی گہری سانس لیں اور ایک قدم پیچھے ہٹ جائیں۔ میں آپ کے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، گوتم۔ مجھے یقین ہے کہ آپ ہندوستانی ٹیم کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔
گمبھیر نے کہا، "میں نہیں جانتا کہ اس پر کیا ردعمل ظاہر کروں، کیونکہ یہ پیغام میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔ یہ اس لیے نہیں ہے کہ یہ اس شخص کی طرف سے آیا ہے جس کی جگہ میں جا رہا ہوں۔ بلکہ یہ اس شخص کی طرف سے آیا ہے جسے میں نے کھیلتے وقت ہمیشہ اپنا آئیڈیل مانتا تھا۔ میں نے ہمیشہ ایسا محسوس کیا ہے اور میں نے اپنے کئی انٹرویوز میں یہ بات کہی ہے۔ وہ ملک کے سب سے بے لوث کرکٹر ہیں۔ راہل بھائی نے وہ سب کچھ کیا ہے جس کی ہندوستانی کرکٹ کو ضرورت تھی۔ میں جذباتی نہیں ہوتا، لیکن اس پیغام نے مجھے واقعی بہت جذباتی کر دیا۔ امید ہے کہ میں یہ کام پوری ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ کروں گا اور اپنے آئیڈیل ‘راہل بھائی’ کو فخر کرنے کا موقع دے سکوں گا۔












