نئی دہلی، 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار سے روکنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد کو مضبوط کرنے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔آج جہاں ایک طرف بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور آر جے ڈی کے لیڈر ،نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کی تو وہیں دوسری جانب اکھلیش سنگھ یادو سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے بھی نتیش کمار سے ملاقات کی۔ چاروں لیڈروں کی ملاقات مثبت بتائی جارہی ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ ان کے درمیان انا کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ،بی جے پی نے حقیقت میں تمام وفاقی اداروں کو کمزور کردیا ہے ،نصاب میں تبدیلی کی جارہی ہے ،انہوںنے کہا کہ ہم ان تمام مسائل پر اتحاد و اتفاق قائم کر کے کام کرنے کو تیار ہیں ۔ممتا بنرجی نے نتیش کمار کو اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے پٹنہ میں ایک احتجاجی جلسہ انعقاد کرنے کی تجویز دی ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ نتیش کمار آں جہانی جے پرکاش نارائن کی تربیت میں سیاسی منزلیں طے کی ہیں۔ جے پرکاش احتجاجی سیاست کیلئے اہم ہیں ، ہم میں انا کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ہم سب ایک ہیں ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی جو ہیرو بن رہی ہے اس کو زیرو بنانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ دوسری جانب سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش سنگھ یادو نے کہا ہے کہ جمہوریت کو بچانے کیلئے اور بی جے پی کو ہرانے کیلئے ہم آپکے ساتھ ہیں۔نتیش کمار سے ملاقات کے دوران انہوںنے یہ بات کہی۔اکھلیش سنگھ یادو نے کہا کہ ہم سب متحد ہو کر بی جے پی سے لڑینگے نتیش کمار کے ساتھ ایک مشترکہ پیس کانفرنس میں اکھلیش یادو نے کہا کہ ملک میں جس طرح کا بحران ہے ،آئین کو بچانے کیلئے ہم سب ایک ساتھ لڑیں گے۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی کی غلط پالیسیوںکی وجہ سے کسان اور نوجوان پریشانی میں ہیں۔مہنگائی اور بے روزگاری اونچی سطح پر ہیںہم چاہتے ہیں کہ بی جے پی ہٹے ،دیش بچے ۔ صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ سب لوگ متحد ہو رہے ہیں زیادہ سے زیادہ پارٹیاں ہمارے ساتھ آئیں اس کی کوششیں ہو رہی ہیں ،ایک رائے بنانے کی کوشش ہو رہی ہے ہمارا ان کے ساتھ کیا تعلق ہے یہ سب جانتے ہی ہیں ۔ان کے والد کی قیادت میں ہم لوگوں نے کام کیا ہے۔نتیش کمار نے کہا کہ ان کو کسی عہدہ پانے کی فکر نہیں ہے ،وہ صرف سب کو ساتھ لانے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اس سرکار میں کوئی کام نہیں ہو رہا ہے صرف پرچار پرسار ہو رہا ہے۔اس سے قبل بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ممتا بنرجی سے ملاقات کے بعد اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش سنگ یادو سے ملاقات کے لئے لکھنئو پہنچے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیرا علیٰ نتیش کمار گزشتہ کئی مہینوں سے اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، اس سے قبل انہوں نے کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے اور راہل گاندھی اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیرا علیٰ اروند کجریوال سے ملاقات کی تھی ۔نتیش کمار نے ممتا بنرجی سے ملاقات کو مثبت قرار دیا ہے ۔ادھر ممتا بنرجی راہل گاندھی کی تنقید کرتی رہی ہیں ۔مگر ان کی لوک سبھا کی رکنیت منسوخ ہونے کے بعد ممتا بنرجی کے رویے میں نرمی آئی ہے ۔اس سے قبل ممتا بنرجی نے تمل ناڈو کے وزیرا علیٰ ایم کے اسٹالن سے ملاقات کی تھی ۔تمل ناڈو کے گورنر اور اسٹالن کے درمیان رسہ کشی چل رہی ہے ۔ممتا بنرجی نے اس معاملے میں اسٹالن کو ٹوئیٹ کیا تھا۔اس تناظر میں ممتا بنرجی اور نتیش کمار کے درمیان ملاقات کافی اہم سمجھا جارہا ہے ۔












