نئی دہلی، (یواین آئی) انتخابات کمیشن نے آسام، کیرالہ، پڈوچیری، تمل ناڈو اور مغربی بنگال میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل جمعرات کو مرکزی مبصرین کے لیے دو روزہ کانفرنس کا آغاز کیا، جس میں 824 انتخابی حلقوں میں آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے میں ان کی اہم کردار پر زور دیا گیا۔ انتخابات کمیشن کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں بتایا گیا کہ کانفرنس کے لیے ملک کی مختلف ریاستوں سے کل 1,444 افسران کو بلایا گیا ہے، جن میں 714 عام مبصرین، 233 پولیس مبصرین اور 497 اخراجات کے مبصرین شامل ہیں۔ یہ اجلاس پانچ اور چھ فروری کو نئی دہلی میں انڈیا انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیموکریسی اینڈ الیکشن مینجمنٹ (آئی آئی آئی ڈی ایم ایم) میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے الیکشن کمشنر سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی کے ساتھ مل کر مبصرین کو خطاب کیا اور انتخابی عمل کے دوران کمیشن کی توقعات کے بارے میں بتایا۔ مبصرین کو انتخابات کمیشن کے رہنما قرار دیتے ہوئے گیانیش کمار نے کہا کہ میدان میں ان کی موجودگی پوری انتخابی مشینری میں نئی توانائی بھر دے گی۔ انہوں نے کہاکہ آپ کو یہ یقینی بنانے کے لیے منتخب کیا گیا ہے کہ انتخابات آزاد، منصفانہ اور شفاف طریقے سے ہوں۔ جمہوری عمل کی سالمیت برقرار رکھنے میں آپ کا کردار بہت اہم ہے۔” وہیں سندھو نے مبصرین کے لیے زمینی سطح پر قابل رسائی اور فعال رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ مبصرین کو میدان میں انتخابی افسران کے لیے ایک دوست، فلسفی اور رہنما کے طور پر کام کرنا چاہیے۔ ان کے آنے کی اطلاع اچھی طرح سے پھیلائی جانی چاہیے، اور انہیں آسانی سے دستیاب رہنا چاہیے تاکہ ووٹروں کی شکایات کا فوری حل کیا جا سکے اور جانبداری کا کوئی خدشہ نہ رہے۔” کمیشن کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے جوشی نے کہا کہ مبصرین کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ کمیشن کی ہدایات کو لفظاً اور روحاً نافذ کیا جائے۔ ساتھ ہی غیر جانبداری اور جمہوری اقدار کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے ووٹر انفارمیشن سلپ (وی آئی ایس) کے بروقت تقسیم کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ ووٹنگ کے دن ووٹروں کو کوئی پریشانی نہ ہو۔












