نئی دہلی :شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے جمعہ کی نماز سے قبل خطاب میںمسلمانوں کو تاکید کی کہ رمضان المبارک کے فرض روزوں اور تراویح کی پابندی کریں نیز مساکین اور مستحق رشتہ داروں وپڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کریں اور سچے دل سے گناہوں سے توبہ کریں۔ انہوںنے مرکزی وزارت اقلیتی امور سے مطالبہ کیا کہ حج ۲۰۲۳میں عازمین کی خدمت کیلئے جیسے پہلے سرکاری ملازمین دیگر ریاستوں سے اور دیگر محکموں سے بھیجے جاتے تھے اسی طریقہ ٔکار کو اس سال بھی جاری رکھاجائے ۔مرکزی پولیس فورس کے ملازمین کو حج افسر اور حج اسسٹنٹ کے طور پر بھیجنے کا فیصلہ درست نہیں ہے ۔پولیس فورس کے ملازمین خدمت نہیں کر سکتے ۔عوامی اور سماجی خدمات عام لوگ ہی کر سکتے ہیں ۔پولیس فورس کی وہاں کوئی ضرورت نہیں ہے ۔حج کمیٹی کی طرف سے سعودی کرنسی کاجیسے انتظام کیا جاتا تھا ویسے ہی کرایا جائے ۔ مفتی مکرم نے بڑے افسوس کے ساتھ کہا کہ کچھ ریاستوں میں اقلیتوں اور بالخصوص مسلمانوں کے خلاف نفرت بھرا پروپیگنڈہ برابر جاری ہے ۔لنچنگ کرنے والے آزاد گھوم رہے ہیں ۔لو جہاد، تبدیلی مذہب ، زمینی جہاد ، اور مدرسہ جہاد کے بہانے مسلمانوں کے خلاف بے بنیا د الزام لگا ئے جا رہے ہیں ۔کچھ مقامات پر معاشی بائیکاٹ کیلئے عوام کو اکسایا جا رہاہے ایسے لوگوں کے خلاف شدید کارروائی ہونی چاہئے ۔قومی اقلیتی کمیشن اور قومی حقوق انسانی کمیشن سے ہماری اپیل ہے کہ اقلیتوں اور ہندستان کے شہریوں کو تحفظ اور انصاف فراہم کرایاجائے ۔












