سید پرویز قیصر
انگلینڈ کے تیز بالر گس ایٹکنسن نے اپنے ٹسٹ کیرئر کی شاندار شروعات کرتے ہوئے اپنے پہلے ٹسٹ کی پہلی اننگ میں سات کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ان کو لارڈز کے تاریخی میدان پر اپنا پہلا ٹسٹ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلنے کا موقع ملا۔ انہوں نے12 اوور میں45 رن دیکر سات کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جو انکی فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی ہے۔
دائیں ہاتھ کے تیز بالر کی یہ کارکردگی انگلینڈ کے لئے پہلے ٹسٹ میچ میں دوسری سب سے اچھی بالنگ کارکردگی ہے۔ انگلینڈ کے لئے پہلے ٹسٹ میں سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ دائیں ہاتھ کے تیز بالر ڈومنیک کورک کے پاس ہے جنہوں نے ویسٹ انڈیز ہی کے خلاف اسی میدان پر جون 1995 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں19.3 اوور میں43 رن دیکر سات کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ اس ٹسٹ میں انگلینڈ نے 72 رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگ میں اس تیز بالر نے22 اوور میں72 رن دیکر صرف ایک کھلاڑی کواپنا شکار بنایا تھا۔
گس ایٹکنسن نے ٹسٹ کرکٹ میں اپنی دوسری ہی بال پر وکٹ حاصل کیا تھا۔ویسٹ انڈیز کی اننگ کے گیارہویں اوور میں جب انہیں پہلی مرتبہ بالنگ کا موقع ملا تو انہوں نے پہلی بال پر کوئی رن نہ دینے کے بعد پہلی بال پر ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ بریٹھویٹ کو بولڈ کردیا۔ اپنی اس بالنگ اسپیل کے دوران انہوں نے چار بالوں پر تین کھلاڑیوں کو بھی اپنا شکار بنایا۔وہ ایسا کرنے والے انگلینڈ کے بارہویں بالر بنے۔
گس ویٹکنسن کی اس سے پہلے فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے اچھی بالنگ کارکردگی 19.2 اوور میں68 رن دیکر چھ وکٹ تھی جو انہوں نے سرے کی جانب سے کھیلتے ہوئے ایسکس کے خلاف چمسفورڈ میں مئی2023 میں انجام دی تھی۔ ایسکس کی دوسری اننگ میں وہ13 اوور میں37 رن دیکر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ اس طرح وہ اس میچ میں32.2 اوور میں105 رن دیکر آٹھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھاجو کسی فرسٹ کلاس میچ میں انکی سب سے اچھی بالنگ کارکردگی ہے۔ وہ ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگ میں وکٹ لیکر فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک میچ میں اپنی سب سے اچھی بالنگ انجام دے سکتے ہیں۔
پہلے ٹسٹ میں سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ آسڑیلیا کے ٹیز بالر البرٹ ٹروٹ کے پاس ہے جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف ایڈیلیڈ میں جنوری1895 میں ہوئے ٹسٹ میچ میں27 اوور میں43 رن دیکر آٹھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ انگلینڈ کی پہلی اننگ میں وہ کوئی وکٹ لینے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے۔ آسڑیلیا نے اس میچ میں 382 رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔
انگلینڈ میں پہلا ٹسٹ کھیلتے ہوئے سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ آسڑیلیا کے باب میسی کے پاس ہے جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں جون 1972میں ہوئے ٹسٹ میچ میں27.2 اوور میں53 رن دیکر آٹھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ انہوں نے انگلینڈ کی پہلی اننگ میں32.5 اوور میں 84 رن دیکر آٹھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ اس ٹسٹ میں آسڑیلیا نے آٹھ وکٹ سے جیت حاصلکی تھی۔












