سید پرویز قیصر
برمنگھم میں کھیلے گئے سریز کے تیسرے اور آخری ٹسٹ میں انگلینڈ نے دس وکٹ سے کامیابی حاصل کرکے تین ٹسٹ میچوں کی سریز3-0 سے جیتی۔ انگلینڈ کیلئے یہ تیسرا موقع ہے جب اس نے ویسٹ انڈیز کو کسی سریز میں ہر میچ میں شکست دی۔ اس سریز کا پہلا میچ جو لارڈز پر کھیلا گیا تھا ، میزبان ٹیم نے ایک اننگ اور114 رن سے جیتا تھا جبکہ ناٹنگھم میں دوسرے ٹسٹ میں انگلینڈ نے 241 رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔
انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک سریز میں سبھی میچ 1928میں اپنے گھر پر کھیلی گئی سریز میں جیتے تھے۔اس سریز میں تین ٹسٹ کھیلے گئے تھے اور میزبان ٹیم نے ہر میچ میں اننگ کے فرق س جیت اپنے نام کی تھی۔ سریز کا پہلا میچ جو لارڈز میںجون1928 میں ہوا تھا ۔ انگلینڈ نے ایک اننگ اور58 رن سے جیتا تھا۔ جولائی1928 میں مانچسٹرمیں ہوا دوسرا ٹسٹ میزبان ٹیم ایک اننگ اور30 رن سے جیتی تھی جبکہ اگست 1928 میں اوول میں کھیلا گیا تیسرا اور آخری ٹسٹ انگلینڈ ایک اننگ اور 71 رن سے جیتی تھی۔ ٹسٹ کرکٹ میں یہ پہلا موقع تھا جب کوئی ٹیم سریز کے تینوں ٹسٹ اننگ کے فرق سے جیتی تھی۔
اپنے گھر پر ویسٹ انڈیز کے خلاف 2004 میں ہوئی چار ٹسٹ میچوں کی سریز میں انگلینڈ نے سبھی ٹسٹ میچوں میںجیت درج کی تھی۔ لارڈز میں سریز کا پہلا ٹسٹ وہ 210 رن سے جیتی تھی جبکہ برمنگھم میں دوسرے ٹسٹ میچ میں اس نے 256 رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ مانچسٹر میں سریز کا تیسرا ٹسٹ سات وکٹ سے جیتنے کے بعد انگلینڈ نے اوول میں دس وکٹ سے جیت درج کی تھی۔
بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلینڈ نے تیسری مرتبہ کلین سوئپ کی ہے۔ انکی قیادت میں انگلینڈ نے پہلی کلین سوئپ2022 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کی تھی۔ اس سریز میں جو تین ٹسٹ میچ ہوئے تھے ان سب سے جیت انگلینڈ کو ملی تھی۔اس سریز کا پہلا ٹسٹ جون 2022 میں لارڈز میں کھیلا گیا تھا جس میں انگلینڈ پانچ وکٹ سے فاتح رہی تھی۔ جون 2022 میں ہی دوسرا ٹسٹ ناٹنگھم میں کھیلا گیا تھا جو انگلینڈ نے پانچ وکٹ سے جیتا تھا۔ تیسرے ٹسٹ میں انگلینڈ سات وکٹ سے فاتح رہی تھی۔ یہ ٹسٹ بھی جون 2022 میں لیڈز میں ہوا تھا۔
پاکستان کے خلاف پاکستان میں دسمبر2022 میں ہوئی تین ٹسٹ میچوں کی سریز میں انگلینڈ نے بین اسٹوکس کی قیادت میں تینوں ٹسٹ جیتے تھے۔ راولپنڈی میں سریز کا پہلا ٹسٹ انگلینڈ نے 74 رن سے جیتنے کے بعد ملتان میں دوسرے ٹسٹ میں26 رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ کراچی میں سریز کا تیسرا اور آخری ٹسٹ انگلینڈ نے آٹھ وکٹ سے جیتا تھا۔
بین اسٹوکس تین مرتبہ کلین سوئپ کرنے والے انگلینڈ کے پہلے اور کل ملاکر پانچویں کپتان ہیں۔آسڑیلیا کے ریکی پونٹنگ کو ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کلین سوئپ کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے چھ مرتبہ سریز کے سبھی میچوں میں جیت اپنے نام کی ہے۔آسڑیلیا کے اسٹیووا نے پانچ مرتبہ سریز کے سبھی میچوں میں آسڑیلیا کو جیت دلائی ہے۔ آسڑیلیا کے مائیکل کلارک نے تین مرتبہ سریز میں سبھی میچوں میں جیت درج کی ہے جبکہ ہندوستان کے وراٹ کوہلی نے بھی تین مرتبہ سریز میںمخالف ٹیم کو ایک بھی میچ جیتنے نہیں دیا ہے۔












