سید پرویز قیصر
یورو کپ2024 کا دوسرا سیمی فائنل انگلینڈ اور نیدر لینڈس کے درمیان بدھ (10 جولائی) کو ڈورٹمنڈ کے ویسٹ فالین اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 2020 کی رنز اپ انگلینڈ نے کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کو پنالٹی شوٹ آوٹ میں 5–3 سے شکست دیکر چوتھی مرتبہ سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں 1–1 سے برابر تھیں فاضل وقت میں بھی جب کوئی گول نہیں ہوا تو فیصلہ پنالٹی شوٹ آوٹ میں کیا گیا۔ نیدر لینڈس نے چوتھے کوارٹر فائنل میں ترکی کو2–1 سے شکست دیکر چھٹی مرتبہ آخری چار ٹیموں میں جگہ بنائی ہے۔ اس کوارٹر فائنل میں ترکی کو شکست انکے کھلاڑی مرٹ مولڈر کے سیلف گول سے ملی تھی۔
انگلینڈ اور نیدر لینڈس کے درمیان ابھی تک جو22 بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں انگلینڈ نے چھ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ نیدر لینڈس نے سات میچ جیتے ہیں جبکہ نو میچ برابر رہے ہیں۔ انگلینڈ نے ان میچوں میں31 گول کئے ہیں اور29 گول اسکے خلاف ہوئے ہیں۔
یورپی کپ میں دونوں کا مقابلہ دو مرتبہ ہوا ہے جس میں سے انگلینڈ نے ایک میچ میں اور نیدرلینڈس نے ایک میچ میں جیت اپنے نام کی ہے۔ دونوں ٹیموں نے ان میچوں میں چار۔چار گول مارے ہیں۔15 جون1988کو دونوں کے درمیان یورپی کپ میں پہلا مقابلہ گروپ میں ہوا تھا۔ ڈوسلڈ ڈوف میں ریحین اسٹیڈیم میں63,940 تماشائیوں کی موجودگی میں نیدرلینڈس نے3-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ لندن کے ومبلے اسٹیڈیم میں 76,798تما شائیوں کی موجودگی میں میزبان انگلینڈ نے گروپ میچ میں نیدرلینڈس کو4-1 سے ہراکر حساب برابر کیا تھا۔
انگلینڈ نے نیدر لینڈس کے خلاف جو آخری نو میچ کھیلے ہیں اس میں سے صرف ایک میچ میں جیت اپنے نام کی ہے۔ اس نے ایمسٹرڈیم میں23 مارچ2018 کو ہوئے میچ میں نیدرلینڈس کو1-0 سے شکست دی تھی۔ نیدر لینڈس نے نو میں سے چار میچوں میں جیت حاصل کی ہے اور چار میچ برابر رہے ہیں۔
انگلینڈ نے پہلی مرتبہ یورو کپ کے سیمی فائنل میں داخلہ 1968 میں حاصل کیا تھا اور یوگو سلاویہ کے ہاتھوں اسے1–0 شکست ہوئی تھی۔ ایسا ہی1996 میں جرمنی کے خلاف ہوا تھا۔ اس مرتبہ اسے جرمنی نے پنالٹی شوٹ آوٹ میں 6–5 سے شکست دی تھی۔ مقررہ قت اور فاضل وقت کے بعد اسکور1–1 سے برابر تھا۔ انگلینڈ نے2020 میں ڈنمارک کو2-1 سے شکست دیکر پہلی مرتبہ فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا ۔ فائنل میں اسے اٹلی نے پنالٹی شوٹ آوٹ میں3–2 سے شکست دی تھی۔ مقررہ وقت اور فاضل وقت کے بعد دونوں ٹیمیں 1–1 سے برابر تھیں۔
نیدر لینڈس کو پانچ سیمی فائنل میں سے چار میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس نے پہلی مرتبہ1976 میں سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی جس میں اسے چیکو سلواکیہ نے فاضل وقت میں 3–1 سے شکست دی تھی۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں 1–1 سے برابر تھیں۔1988 میں نیدر لینڈس نے مغربی جرمنی کو2-1 سے شکست دیکر فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھااور فائنل میں سویت یونین کو 2-0 سے شکست دیکر یورپی خطاب اپنے نام کیا تھا۔1992 میں نیدر لینڈس کو سیمی فائنل میں ڈنمارک نے پنالٹی شوٹ آوٹ میں 4–5 سے شکست دی تھی۔ مقررہ اور فاضل وقت کے بعد میچ 2–2 سے برابر رہا تھا۔2000 میں جب نیدرلینڈس نے آخری چار ٹیموں میں جگہ بنائی تھی تو اسے اٹلی نے پنالٹی شوٹ آوٹ میں 3–1 سے شکست دی تھی۔ مقررہ اور فاضل وقت میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی تھی۔2004 میں بھی نیدرلینڈس نے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا اور اس مرتبہ وہ پرتگال سے 2–1 سے ہاری تھی۔