لاتور ۔ 19؍ فروری، پریس ریلیز ،ہماراسماج: دینی تعلیم کا مناسب انتظام اور اہتمام کئے بغیر دین کا ذوق اور دین کا فہم پیدا ہونا ناممکن ہے، اس لئے ہمارا اولین فرض ہے کہ آنے والی نسل کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لئے کوئی ایسا معقول نظام تعلیم مرتب کریں کہ جس کے ماتحت ہم اپنے بچوں کو مخصوص اوقات میں خالص دینی تعلیم دلاسکیں۔ان خیالات کا اظہا ر جمعیۃ علماءمہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے مدرسہ حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ اوسہ ضلع لاتور میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اپنے تفصیلی خطاب میں فرمایا کہ مسلمان جب تک اسلام کی صاف اور سیدھی راہ پر چلتے رہے یعنی احکام الٰہی اور تعلیمات نبوی کو اپنے لئے مشعل راہ بنائے رکھا اس وقت تک ظاہری ومعنوی ہر طرح کی سربلندیوں اور سرافرازیوں سے خود بھی مالامال ہوتے رہے،جب انھوں نے دین کا دامن چھوڑا تو فضل الٰہی نے ان کا ساتھ چھوڑا، برکتوں اور عزتوں نے ان سے منہ موڑا، اور ان کے علوم وفنون، ان کی زبردست طاقتیں، اور فلک بوس عمارتیں، ان کے جاہ وجلال اور ان کے مال ومنال کچھ کام نہ آئے، ان سے چھین لئے گئے۔مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے جمعیۃ علماء کی خدمات اکابرین کی قر بانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ اپنے اپنے علاقوںاورمقامی یونٹوں میں ممبر سازی کی مہم شروع کردیں ۔ میٹنگوں کے ذریعہ باہمی صلاح و مشورا سے منصوبہ بند پروگرام کے تحت اس معاملے میں جوش وخروش اورمستعدی کا مظاہرہ فرمائیں ۔ اس کے لئے سردھڑ کی بازی لگاکر ایک ایک مسلمان مرد وعورت کو جمعیۃ علما ء ہند کا بنیادی ممبر بنائیں ۔ جتنی طاقت وقوت آپ اس کام میں صرف کریں گے آپ کی تنظیم جمعیۃ علماء ہند اتنی ہی طاقتور اورمضبوط بن کرابھرے گی۔ جمعیۃ کی مقامی یونیٹوں کی جلد از جلد میٹنگ بلاکر ممبر سازی کی مہم چلانے کے لئے ان کو آمادہ کریں ۔صدر محترم نے اپنے بیان میں مدرسہ کی تعلیمی کار کردگی کو سراہا ،اور والہانہ انداز میںاوسہ کی تاریخ بیان کی اور ملک کے موجودہ حالات میں مسلمانوں کو مدارس اور قرآن مجید سے جڑے رہنے کی تلقین کی ،نیز جمعیۃ علماء کی جدید ممبر سازی میںبڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔اجلاس کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت اور نعتیہ کلام سے ہوا ،بعدہ ادارہ کے طلباء کرام نے اپنا مختصر و جامع پروگرام پیش کیا ، مولانا لئیق احمد اشاعتی صاحب مفتی صابر خان قاسمی صاحب مولانا معزالدین صاحب قاسمی و دیگر علماء کرام کے قیمتی بیانات ہوئے ،اس موقع پر صدر محترم مولانا ندیم صدیقی صاحب کے ہاتھوں اول دوم سوم پوزیشن لانے والے طلباء کو انعامات سے نوازہ گیا اور انہی کے دعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ،اجلاس کے روح رواں مولانا محمد امجد صدیقی اشاعتی صاحب ( بانی و مہتمم مدرسہ عربیہ صدیق اکبر اوسہ ) نے مہمان علماء کرام اور شرکاء اجلاس سے اظہار تشکر کیا ،اجلاس میں اوسہ کے علماء کرام ائمہ مساجد جمعیۃ علماء کے اراکین و محبین و شرکاء بڑی تعداد میں شریک تھے ۔












