نئی دہلی، ( یو این آئی) دہلی کیپیٹلز کے لیے آئی پی ایل کا یہ سیزن کسی ڈراؤنے خواب سے کم ثابت نہیں ہو رہا۔ ہفتے کے روز پنجاب کنگز کے خلاف 264 رنز کا ہمالیہ جیسا اسکور بنانے کے باوجود شکست کھانے والی دہلی کی ٹیم پیر کے روز رائل چیلنجرز بنگلور کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ جوش ہیزل ووڈ اور بھونیشور کمار کی قاتلانہ باؤلنگ کے سامنے دہلی کی پوری ٹیم محض 75 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان اکشر پٹیل نے اس عبرتناک شکست کا ملبہ خراب بیٹنگ کے ساتھ ساتھ ‘بدقسمتی اور ‘ذہنی دباؤ پر ڈالا۔ اکشر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے خلاف 264 رنز بنا کر ہارنے کے بعد ٹیم ذہنی طور پر صدمے میں تھی۔ کھلاڑیوں کو لگ رہا تھا کہ اگر اتنا بڑا اسکور بھی محفوظ نہیں ہے، تو پھر جیت کیسے ممکن ہے۔دہلی کی ٹیم نے محض 23 گیندوں کے اندر اپنے 6 اہم کھلاڑی گنوا دیے تھے۔ کپتان کے مطابق کوئی بھی بلے باز سیٹ ہو کر آؤٹ نہیں ہوا بلکہ شروع سے ہی وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا جس نے سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔اکشر نے بتایا کہ پچ دو دن پرانی پچ جیسی ہی لگ رہی تھی، لیکن رات کا وقت اور ہوا چلنے کی وجہ سے ہیزل ووڈ اور بھونیشور کو غیر معمولی سوئنگ ملا، جس کی بلے بازوں کو توقع نہ تھی۔آٹھ میچوں میں یہ دہلی کی پانچویں شکست تھی۔ سیزن کا آغاز دو لگاتار فتوحات سے کرنے والی دہلی کی ٹیم اب پلے آف کی دوڑ سے باہر ہونے کے قریب ہے۔ اکشر پٹیل خود بھی بلے اور گیند سے آؤٹ آف فارم نظر آ رہے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی کپتانی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔












