لکھنؤ (یواین آئی) وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ڈیجیٹل گورننس کی وجہ سے اتر پردیش میں زرعی قرض کی منظوری کا عمل مکمل طور پرتبدیل کردیا گیا ہے۔ پہلے کسان کریڈٹ کارڈ کے ذریعے قرض حاصل کرنے میں 25 دن سے ایک ماہ تک کا وقت لگتا تھا، لیکن اب ای کے سی سی کے ذریعے کسان محض پانچ منٹ میں قرض کی سہولت حاصل کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ وزیر اعلیٰ جمعرات کو لوک بھون میں منعقدہ اسٹیٹ لون سمینار اور اسٹیٹ فوکس پیپر 2026-27 کی تقریب اجراء سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2026-27 کے لیے ریاست کا زرعی قرض ہدف 3 لاکھ کروڑ روپے طے کیا گیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج حکومت اور کسان مل کر کھیتی میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال پر کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی تحریک سے مرکزی بجٹ میں اے آئی ایگریکلچر پلیٹ فارم کا اعلان کیا گیا ہے اور اتر پردیش اس سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کئی فارمر پروڈیوسر آرگنائزیشنز کو اعزاز سے بھی نوازا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معذور افراد کے ذریعے چلائی جانے والی کسیا ملک پروڈیوسر ایف پی او (1005 اراکین) اور متھرا کی 750 خواتین پر مشتمل سرسوں پیدا کرنے والی کمپنی پورے صوبے کے لیے رول ماڈل ہیں۔












