دیوبند، بائک میں پریشر ہورن بجانے کی مخالفت کرنے کو لے کر دو گروپ میں کہا سنی کے بعد تصادم ہوگیا ، اس میں باپ بیٹے زخمی ہوگئے۔ زخمیوں نے کوتوالی پہنچ کر نوجوان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ موٹر سائیکلوں سے بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں پٹاخوں کی آواز نکالنے اور پریشر ہورن بجانا اب فیشن بنتا جارہا ہے ، اسی بات کو لے کر گزشتہ رات دیوبند کے محلہ فولاد پورہ سانپلہ روڈ کے ایک شخص نے نور عالم کے پڑوس میں رہنے والے نوجوان سے کہا سنی ہوگئی جو دیکھتے ہی دیکھتے مارپیٹ میں تبدیل ہوگئی۔ نور عالم نے بتایا کہ ایک نوجوان اپنی بائک میں تیز آواز کا ہورن لگا رکھا ہے ، جب وہ اس کو قریب آکر بجاتا ہے تو اس کا اثر اس کے دل پر پڑتا ہے ، جس کو لے کر نوجوان کو متعدد مرتبہ منع کیا گیا ، لیکن وہ اپنی اس حرکت سے باز نہیں آرہا ہے۔ اتنا ہی نہیں اہل خانہ سے شکایت کرنے پر بھی وہ اس سے لڑنے کو تیار ہوگئے۔ نور عالم نے بتایا کہ نوجوان اپنے دوستوں کے ساتھ اس کے گھر پہنچا ، لاٹھی ڈنڈوں اور دھاردار ہتھیار سے ان پر حملہ کردیا جس میں نور عالم سمیت اس کا بیٹا شاداب بھی زخمی ہوگیا۔ متأ ثرین نے کوتوالی میں تحریر دے کر کارروائی کی مانگ کی ہے ۔ کوتوالی انچارج نے بتایا کہ معاملہ ان کے علم میں ہے ، جانچ کرانے کے بعد ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔












