نوح،میوات،سماج نیوز سروس: یوم آزادی کی تقریبات کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے نوح کی نئی اناج منڈی میں منگل کو فل ڈریس فائنل ریہرسل کا انعقاد کیا، جس میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وجے پرتاپ سنگھ نے پرچم کشائی کی اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وجے پرتاپ سنگھ و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پردیپ سنگھ ملک نے بتایا کہ 15 اگست کو نئی اناج منڈی میں جشن آزادی کی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں وزیر جنگلات و جنگلی حیات سنجے سنگھ بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے تمام محکمے اس تقریب کے انعقاد کے سلسلے میں تمام تر تیاریاں مکمل کریں۔ یوم آزادی ایک قومی تہوار ہے، اس لیے اس تقریب کا انعقاد نہایت باوقار طریقے سے ہونا چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول کے بچوں کے مارچ پاسٹ طائفے اور ثقافتی پروگرام کا مشاہدہ کیا اور بچوں کی طرف سے پیش کئے گئے پروگراموں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات میں ضلع کے مختلف اسکولی بچے حب الوطنی سے بھرپور ثقافتی پروگراموں کے ذریعے ہندوستان کے تنوع میں اتحاد کی جھلک پیش کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مہمان خصوصی 15 اگست کو صبح 9 بجکر 55 منٹ پر تقریب میں پہنچیں گے۔ قبل ازیں وہ یادگار شہداء پر حاضری دیں گے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ اس کے بعد قومی ترانہ پر پرچم کشائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جشن آزادی ہمارا قومی تہوار ہے، تمام محکمے اس جشن کے وقار کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت ضروری انتظامات کو یقینی بنائیں۔












