سید پرویز قیصر
نویں ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ امریکہ کے خلاف کھیلے گی۔ گروپ اے کا یہ میچ ڈلاس کے گرانڈ پیری اسٹیڈم میں جمعرات (6 جون ) کو کھیلا جائے گا۔ امریکہ کی ٹیم پہلی مرتبہ ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں شرکت کررہی ہے جبکہ پاکستان نے اب تک ہوئے ہر ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں شرکت کی ہے۔
اس عالمی کپ میں مشترکہ میزبان امریکہ نے اپنا پہلا میچ کینیڈاکے خلاف یکم جون2024 کو اسی میدان پر کھیلا تھا جس میں اس نے 14 بال پہلے سات وکٹ سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔ امریکہ اور کینیڈاکے درمیان سالانہ میچ ٹسٹ کرکٹ سے بھی پہلے کھیلے جاتے تھے مگر دونوں کے درمیان ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں اس میچ سے پہلے کوئی میچ نہیں کھیلا گیا تھا۔ دونوں ٹیموں نے ہی پہلی مرتبہ ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ویسے دونوں کے درمیان اس عالمی کپ سے پہلے جو سات ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے گئے تھے اس میں امریکہ نے چار اور کینیڈا نے دو میں کامیابی حاصل کی تھی ۔ دونو ں کے درمیان ایک میچ ٹائی بھی رہا ہے جس میں سپر اوور میں امریکہ نے جیت حاصل کی تھی۔
امریکہ نے ابھی تک جو29 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔اس میں 17 میچوں میں اس نے جیت اپنے نام کی ہے۔ دس میچوں میں اسے شکست ہوئی ہے ۔ ایک میچ ٹائی رہا ہے جبکہ ایک میچ نامکمل رہا ہے۔ ٹائی ہوئے میچ میں امریکہ نے سپر اوور میں جیت اپنے نام کی تھی۔ امریکہ نے بنگلہ دیش، زمبابوے اور آئیر لینڈ جیسی فل ممبر ٹیموں کے خلاف کل چھ میچ کھیلے ہیں جس میں تین میں اس نے کامیابی حاصل کی ہے اور تین ہی میچوں میں اسے شکست ہوئی ہے۔ مئی2024 میں بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹونٹی ٹونٹی میچوں کی سریز میں 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اپنے گھر پر امریکہ نے سریز کے پہلے دو میچ پانچ وکٹ اور چھ رن سے جیتنے کے بعد تیسرا میچ دس وکٹ سے گنوایا تھا۔
پاکستان نے ابھی تک جو241 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں اس میں140 میچوں میں اسے جیت ملی ہے اور 91 میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ پاکستان کے تین میچ ٹائی رہے ہیں جبکہ سات میچ نامکمل رہے ہیں۔ ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں پاکستان نے جو47 میچ کھیلے ہیں اس میں28 میچوں میں اسے کامیابی ملی ہے اور18 میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ اس کا ایک میچ ٹائی رہا ہے جس میں بول آوٹ میں اسے شکست ہوئی تھی۔ یہ میچ ہندوستان کے خلاف کھیلا گیا تھا۔
آسڑیلیا میں2022 میں ہوئے آٹھویں ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں پاکستان کو دوسرا مقام ملا تھا۔ ملبورن میں 1992 میں ہوئے پچاس اوور والے عالمی کپ میں جس میدان پر پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دیکر عالمی چمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا ، ملبورن کے اسی میدان پر انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹ سے شکست دی تھی۔ زخمی ہونے کی وجہ سے شاہین شاہ آفریدی نے اس میچ میں تیرہ بالیں ہی کرائیں کی جسکی وجہ سے انگلینڈ کو ایک اوور پہلے جیت حاصل کی تھی۔ انکے بچی ہوئی پانچ بالیں افتخار احمد نے کرائیں تھی جن پر13 رن بنے تھے۔
ہندوستان کے وراٹ کوہلی اور بابر اعظم ایسے دو بلے باز ہیں جنہوں نے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں چار ہزار سے زیادہ ررن بنائے ہ
ہیں۔ اس عالمی کپ میں دونوں کے درمیان ایک دوسرے سے آگے نکلنے کا مقابلہ ہوگا۔ آئیر لینڈ کے خلاف میچ سے پہلے تک وراٹ کوہلی نے جو117 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی109 اننگوں میں51.75 کی اوسط اور138.15 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور37 نصف سنچریوں کی مدد سے4037 رن بنائے ہیں۔ وہ پانچ مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر122 رن ہے جو انہوں نے افغانستان کے خلاف دوبئی میں8 ستمبر2022 کو90 منٹ میں61 بالوں پر بارہ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں ہندوستان نے101 رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔
بابر اعظم نے ابھی ک جو119 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی112 اننگوں میں 41.05 کی اوسط اور130.15 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ تین سنچریوں اور36 نصف سنچریوں کی مدد سے4023 رن بنائے ہیں ۔ وہ چھ مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور122 رن ہے جو انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں77 منٹ میں59 بالوں پر15 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے نو وکٹ سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔












