نئی دہلی،پریس ریلیز،ہمارا سماج:ملک کے شہرہ آفاق دانشور، ماہراقتصادیات و عمرانیات، محروم طبقات کے حقوق کے نامور وکیل، ہندوستان اور عالم اسلام میں تعلقات کی ایک مضبوط کڑی اور معروف و معتبر تھنک ٹینک انسٹی ٹیؤت آف آبجیکٹیو اسٹڈیز(آئی او ایس) کے بانی و سرپرست اعلیٰ اور آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹرمحمد منظور عالم کا آج علی الصباح انتقال ہوگیا۔ وہ کئی دنوں سے دہلی کے میکس ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج تھے جہاں صبح 5:30 بجے آخری سانسیں لیں۔ ان کی عمر80 تھی اور وہ ایک عرصہ سے عوارض قلب و گردہ وغیرہ میں مبتلا تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ، پانچ بیٹے اوردو بیٹیاں شامل ہیں۔ ان کی تجہیز و تدفین منگل کی شام مغرب کے بعد جامعہ نگر کے شاہین باغ قبرستان میں عمل میں آئی. اس سے قبل جسد خاکی کو آخری دیدار کے لئے شاہین باغ میں ان کی رہائش گاہ پر رکھا گیا تھا، نماز جنازہ میں ملک و ملت کی نامور شخصیات کی کثیر تعداد شریک تھی. ڈاکٹر منظورعالم 9 اکتوبر 1945 کو رانی پور ضلع مدھوبنی( بہار میں ایک متوسط کاشتکار کے گھر پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام محمد عبدالجلیل تھا، ابتدائی و ثانوی تعلیم و تربیت آبائی گاؤں میں ہوئی، گریجویشن مدھوبنی کے آرکے کالج سے کیا، اعلی تعلیم کے لئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا سفر کیا جہاں سے معاشیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ وہ سعودی عرب کی وزارت خزانہ اور قومی اقتصادیات میں اقتصادی مشیر کے عہدوں پر فائز رہے۔امام محمدبن سعود یونیورسٹی (ریاض )میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ؛ کنگ فہد ہولی قرآن پرنٹنگ کمپلیکس( مدینہ منورہ)میں دنیا کی مختلف زبانوں میں قرآن پاک کے ترجمے کے چیف کوآرڈینیٹر، ہندوستان میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، ملائیشیا (IIUM) کے نمائندےاسلامک ڈیولپمنٹ بینک سکالرشپ پروگرام برائے غیررکن ممالک کی جنرل کمیٹی کے رکن، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کورٹ کے مسلسل دو مرتبہ ممبر رہے۔وہ فی الوقت انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک تھاٹ، امریکہ کے بورڈ ممبر، انٹرنیشنل اسلامک چیریٹیبل آرگنائزیشن، کویت کے بانی ممبر، اسٹیئرنگ کمیٹی استنبول مذاکرات، سول سولیڈیریٹی پلیٹ فارم استنبول،( ترکی)اور ایمننٹ پرسنز گروپ آف ورلڈ اسلامک فورم( ترکی) کے ممبر تھے ۔ اسی طرح ہندوستان میں انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز (آئی او ایس) نئی دہلی کے بانی چیئرمین اور سرپرست اعلی، تعاون ٹرسٹ( نئی دہلی) کے چیئرمین،آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ،انڈو عرب اکنامک کوآپریشن فورم(نئی دہلی) کے صدر، انڈین ایسوسی ایشن آف مسلم سوشل سائنٹسٹ( نئی دہلی) کے صدر، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن ، بورڈ آف ٹرسٹیز، قومی کمیٹی برائے قانونی ازالہ و انصاف(NCLR)کے رکن، ہندوستان اور بیرون ملک ایک درجن سے زائد دیگر تنظیموں اور اداروں کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ممبرتھے۔مرحوم کو بین الاقوامی علمی دنیا میں غیر معمولی اہمیت حاصل تھی۔












