شملہ، 30 دسمبر (:) ہماچل کو گرین انرجی اسٹیٹ بنانے اور ای گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے وزیر اعلیٰ ٹھاکر سکھویندر سنگھ سکھو نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ یکم جنوری 2024 سے ڈیزل یا پٹرول گاڑیاں نہ خریدیں۔ انتہائی ضرورت کی صورت میں محکمے ریاستی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی پٹرول یا ڈیزل گاڑیاں خرید سکیں گے۔اپنے پہلے بجٹ میں ہی، مسٹرسکھو نے نظام کی تبدیلی کی طرف ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے الیکٹرک گاڑیوں (ای-وہیکل) پر ریاستی حکومت کے وژن کو واضح کیا اورآگے بڑھ کر خودالیکٹرک گاڑیوں کا استعمال کرکے مثال پیش کی۔ ریاستی حکومت کی کوششوں کی وجہ سے ہی آج سرکاری ای گاڑیوں کی تعداد 185 تک پہنچ گئی ہے ، جب کہ ریاست میں رجسٹرڈ نجی الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد 2733 تک پہنچ گئی ہے ۔مسٹر سکھو نے کہا، "ریاستی حکومت ہماچل میں ای-وہیکل کو فروغ دے رہی ہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ پہلا ایسا محکمہ ہے جس میں ای وہیکل کا استعمال شروع کیا گیا اور مرحلہ وار تمام سرکاری محکموں میں بھی ان گاڑیوں کا آپریشن یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ ای گاڑیاں نہ صرف ایک نئی شروعات ہیں بلکہ ماحولیاتی تحفظ کے تئیں ریاستی حکومت کے عزم کو بھی ظاہر کرتی ہیں۔ ہمیں آنے والی نسلوں کے لیے ماحول کو محفوظ بنانا ہے اور اس کا آغاز آج سے ہی کرنا ہے ۔سرکاری محکموں میں گاڑیوں کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ریاستی حکومت نے ای ٹیکسی کو ٹھیکے پر لینے کی اجازت دی ہے ۔ تقریباً 680 کروڑ روپے کی راجیو گاندھی سیلف ایمپلائمنٹ اسٹارٹ اپ اسکیم کے تحت نوجوانوں کو ای ٹیکسی پرمٹ فراہم کیے جارہے ہیں۔ ای ٹیکسی کی خریداری پر 50 فیصد سبسڈی بھی دی جارہی ہے ۔ ان گاڑیوں کو گھر پر بھی چارج کیا جا سکتا ہے اور ریاستی حکومت بھی چارجنگ کے لیے انفراسٹرکچر تیار کر رہی ہے ۔ ای گاڑیوں کو فروغ دینے کے لیے چھ ہائی ویز کو گرین کوریڈور کے طور پر تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے ریاست میں ای-وہیکل چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کے لیے 54 مقامات کو حتمی شکل دی ہے ، جن میں سے کچھ تقریباً تیار ہیں۔اس کے علاوہ ہماچل پردیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی تمام ڈیزل گاڑیوں کو مرحلہ وار ای-بسوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے ۔ حال ہی میں ای بسیں بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ میٹنگ میں ہماچل کے جغرافیائی حالات کے مطابق گاڑیاں تیار کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔مسٹر سکھو نے کہا، "ریاستی حکومت طویل روٹس پر بھی ای بسیں چلانے جا رہی ہے ۔ ایچ آرٹی سی کے بیڑے میں ٹائپ-1، 2 اور 3 ای بسوں کو مرحلہ وار طریقے سے شامل کیا جا رہا ہے ، تاکہ 31 مارچ 2026 تک ہماچل کو صاف اور سبز توانائی والی ریاست بنانے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔












