نئی دہلی، 25 اپریل ،سماج نیوزسروس وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منگل کو کہا کہ دہلی حکومت کی خدمات اور معلومات اب ایک کلک پر دستیاب ہوں گی۔مسٹرکیجریوال نے منگل کو دہلی حکومت کے ویب پورٹل کے ساتھ مختلف محکموں کی 180 ویب سائٹس کو لانچ کیا۔ اس دوران انہوں نے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت کے 50 محکموں کی 180 ویب سائٹس شروع کی گئی ہیں۔ تمام ویب سائٹس دہلی حکومت کے ویب پورٹل کے ساتھ مربوط ہیں۔ اس سے قبل 2008 میں دہلی حکومت کی ویب سائٹ بنائی گئی تھی جو پرانی ٹیکنالوجی پر مبنی تھی اور سرور بھی پرانی ٹیکنالوجی پر تھے ۔ وہ ویب سائٹ موبائل اور ٹیب فرینڈلی نہیں تھی۔ ان تمام باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اب ہم کلاؤڈ پر چلے گئے ہیں اور سرورز کی ضرورت ختم ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کووڈ کے دوران دہلی حکومت نے کچھ اسکیموں کا اعلان کیا تھا۔ اس دوران ویب سائٹ پر ٹریفک اچانک بڑھ گئی اور سرور بھی کریش ہو گئے لیکن اب ایسا نہیں ہو گا۔ اب ہمارے پاس جدید ترین ٹیکنالوجی ہے اور کافی اسپیس ہے ۔ ہم آنے والے وقت میں اس بات پر بھی نظر رکھیں گے کہ لوگوں کی کیا ضروریات ہیں۔ کون سی چیزیں عوام زیادہ دیکھ رہے ہیں اور کون سی چیزیں عوام زیادہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا مستقبل آرٹیفیشل انٹیلیجنٹس ہے ۔ ہم لوگوں کی خدمات بڑھانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنٹس کا حکومت کے کام کاج میں زیادہ سے زیادہ استعمال کرسکتے ہیں، اس پر زیادہ توجہ دیں گے ۔دہلی کے آئی ٹی وزیر کیلاش گہلوت نے کہا کہ 2007-8 کے بعد اب مختلف سرکاری محکموں کی ویب سائٹ کی تشکیل نو ہوسکی ہے ۔ اب تک ہم جب بھی کوئی پروگرام شروع کرتے تھے تو ٹریفک بڑھتے ہی ویب سائٹ کریش ہو جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کووڈ کے دوران پیرا ٹرانزٹ ڈرائیوروں کو 5000 روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت جیسے ہی ویب سائٹ پر ٹریفک بڑھتا تھا، ویب سائٹ کریش ہو جاتی تھی۔ نئی ویب سائٹ میں ان چیزوں کا خیال رکھا گیا ہے ۔ اب اگر ویب سائٹ پر لاکھوں ٹریفک فی سیکنڈ ہو تب بھی یہ کریش نہیں ہوگی۔ ویب سائٹ کو عوام دوست بنانے کے لیے تمام ضروری چیزوں کا خیال رکھا گیا ہے ۔ اب لوگ موبائل پر بھی بہت آسانی سے ویب سائٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔دریں اثنا دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ دہلی کے لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔مسٹر کیجریوال نے منگل کو دہلی جل بورڈ (ڈی جے بی) کی ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کے دوران عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دہلی کے لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، اس لئے عہدیداروں کو چاہئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ کسی گھر کو گندا پانی آنے کا مسئلہ نہ ہو۔ انہوں نے ڈی جے بی کو ہدایت دی کہ وہ اگلے 15 دنوں کے اندر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس (ڈبلیو ٹی پی) اور زیر زمین آبی ذخائر (یو جی آر) پر نصب تمام فلو میٹروں کی مرمت کرے ۔ وزیراعلیٰ نے پانی کی پیداوار اور فراہمی کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے آر او واٹر پروجیکٹ میں غیر ضروری تاخیر کے ذمہ دار حکام کی سرزنش کی اور کہا کہ اگر وہ مقررہ مدت میں پروجیکٹ کو مکمل نہ کر سکے تو وہ مستعفی ہونے کے لیے آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہلی کے لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنے میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔وزیراعلی نے دہلی کو آلودہ پانی سے پاک بنانے کے لئے عہدیداروں کو واضح ہدایات دیں، تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہوسکے ۔ دہلی حکومت دہلی کے تمام شہریوں کو ہر قیمت پر صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہلی کے کسی بھی گھر میں گندا یا آلودہ پانی نہیں ہونا چاہئے ۔ جہاں تک ممکن ہو عوام کو صاف پانی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ حکام کو چاہیے کہ وہ مسائل کے علاقوں کی فہرست بنائیں اور ترجیحی بنیادوں پر مقامی حل کی نشاندہی کریں اور ان پر عمل درآمد کریں۔












