دربھنگہ(رحمت ) سماج نیوز سروس: ہر سال کی طرح اس سال بھی دربھنگہ سے دیارے حرم کے طرف سے عازمینِ حج کا قافلہ سعودی عرب کے لئے روانہ ہوا۔ اس موقع پر معروف سماجی و تعلیمی خدمتگار، ایڈووکیٹ شاہد اطہر (ڈائریکٹر، متھلا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ میڈیکل سائنس) نے عازمین کو رخصت کرتے ہوئے کہا کہ حج اسلام کا ایک اہم رکن ہے، جو ہر صاحبِ نصاب مسلمان پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ حج کے لیے دو طریقوں سے جاتے ہیں—ایک سرکاری ایجنسی کے ذریعے اور دوسرا نجی ٹریول ایجنسیوں کے ذریعہ۔ سہولیات میں کچھ فرق ہو سکتا ہے، لیکن حج کے تمام ارکان دونوں صورتوں میں یکساں طور پر ادا کرنا لازم ہیں۔ انہوں نے عازمین کو نصیحت کی کہ وہ پورے سکون اور اطمینان کے ساتھ عبادات ادا کریں، کیونکہ وہ اللہ کے مہمان ہوتے ہیں۔ایڈووکیٹ شاہد اطہر نے مزید کہا کہ دورانِ حج اگر کسی قسم کی تکالیف یا پریشانیاں پیش آئیں تو صبر و تحمل سے کام لیں اور دل میں شکوہ نہ رکھیں۔ “ہر حال میں الحمدللہ کہنا سیکھیں، کیونکہ اللہ ہی بہتر کرنے والا ہے۔” انہوں نے موبائل فون کے کم سے کم استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قیمتی اوقات کو عبادات میں صرف کریں تاکہ گناہوں سے بچا جا سکے، اور حج کا اصل مقصد حاصل ہو۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ وہ خود بھی 15 اگست 2026 کو “دیارِ حرم” ٹریولز کے ذریعہ عمرہ کے لئے روانہ ہوں گے۔ انہوں نے عازمین سے درخواست کی کہ وہ ملکِ ہندوستان میں امن و شانتی اور بھائی چارہ کے قیام کے لئے خصوصی دعائیں کیں،آخر میں انہوں نے اپنے مرحوم والد، انعام الحق صاحب کی مغفرت کے لئے بھی دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کی قبر کو نور سے بھر دے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے کے لئے بھی خاص دعا کریں آمین ثم آمین۔












