چندی گڑھ، ایجنسیاں: بی جے پی نے پنجاب کے جالندھر اور امرتسر میں بم دھماکوں سے متعلق سی ایم بھگونت مان کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ مان نے ان دھماکوں کے لیے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ اب ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے اس پر ردعمل دیا ہے۔ سی ایم سینی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت والی ریاست میں دو بم دھماکوں کے لئے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرانے کے بعد پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔ سینی نے یہ بھی کہا کہ عام آدمی پارٹی پنجاب میں ہونے والے کسی بھی واقعے کی ذمہ دار ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جالندھر میں بی ایس ایف کے پنجاب فرنٹیئر ہیڈ کوارٹر کے باہر اور امرتسر کے خاصہ میں فوجی چھاؤنی کے قریب منگل کی رات دو دھماکے ہوئے۔ کسی زخمی کی اطلاع نہیں ملی۔ بدھ کو، جب مان نے دھماکوں کے لیے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ پارٹی 2027 کے اسمبلی انتخابات کے لیے اس طریقے سے تیاری کر رہی ہے، پنجاب اور ہریانہ کے بی جے پی لیڈروں نے انہیں چیلنج کیا کہ وہ ثبوت فراہم کریں یا استعفیٰ دیں۔ سینی نے X پر ہندی میں پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھگونت مان اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’جالندھر اور امرتسر میں ہونے والے بم دھماکے نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کے لیے تشویشناک ہیں، لیکن بھگونت مان کا بیان اور بھی تشویشناک ہے‘‘۔












