ریاض (ہ س)۔سعودی عرب اور قازقستان کے درمیان بد عنوانی کے انسداد اور مشترکہ تعاون کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔سعودی عرب کی طرف سے ‘اوور سائٹ اینڈ اینٹی کرپشن اتھارٹی’ کے سربراہ مازن الکھموس اور قازقستان کی طرف سے ‘اینٹی کرپشن ایجنسی’ کے سربراہ اسخات زوما غالی نے یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر قازقستان میں سعودی عرب کے سفیر فیصل القحطانی بھی موجود تھے۔مفاہمتی یادداشت کا مقصد سرحد پار بد عنوانی کے جرائم سے نمٹنے اور بد عنوانی سے متعلق معلومات کے تبادلے کے علاوہ فریقین کی ادارہ جاتی صلاحیت کو فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے سلسلے میں تعاون کو بڑھانا ہے۔ سعودی عہدے دار کے اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان دیانت داری کے تحفظ اور بد عنوانی کے خلاف تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی گئی۔اس کے علاوہ فریقین نے احتساب و انسدادِ بدعنوانی کی سعودی اتھارٹی کی جانب سے دیانت داری کے تحفظ، شفافیت کے فروغ اور بد عنوانی سے نمٹنے کے سلسلے میں کیے جانے والے اہم اقدامات کا جائزہ لیا۔ اسی شعبے میں قازقستان کے تجربے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔