ماجولی آسام،(یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی لیڈر راہل گاندھی کی منی پور سے شروع ہوئی بھارت جوڑو نیائے یاترا اب آسام میں ہے اور یاترا میں جمع ہوئی بھیڑ سے جس طرح ماحول بدلا ہے اس سے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما خوفزدہ ہیں۔کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جیرام رمیش اور لوک سبھا میں پارٹی وہپ گورو گوگوئی نے پارٹی لیڈر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مسٹر گاندھی کی یاترا کے آسام پہنچنے سے وزیر اعلی خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے مسٹر سرما کو سب سے بدعنوان وزیر اعلیٰ قرار دیا اور کہا کہ مسٹر گاندھی کی یاترا کو آسام میں ملنے والی زبردست حمایت سے خوفزدہ ہوگئے ہیں۔مسٹر رمیش نے کہا، "جیسے ہی نیائے یاترا آسام پہنچی، یہاں کے لوگوں نے مسٹر گاندھی کا پرتپاک استقبال کیا۔ نیائے یاترا میں بڑی تعداد میں لوگ مسٹرگاندھی کا استقبال کر رہے ہیں۔ مسٹر سرما بھاری بھیڑ کو دیکھ کر خوفزدہ ہیں جب کہ نیائے یاترا آسام میں سات دن تک جاری رہے گی۔ پہلے ہی دن ایسی تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے توبقیہ چھ دن میں حالات کس قدر تبدیل ہوں گے اس کے بارے میں بھی مسٹر شرما کو سوچ لینا چاہئے ۔انہوں نے کہا، ‘‘آسام کے لوگوں کی طرف سے راہل گاندھی جی کا شاندار استقبال دیکھ کر آسام کے وزیر اعلیٰ بوکھلائے ہوئے ہیں۔ میں آسام کے وزیر اعلیٰ سے کہنا چاہتا ہوں کہ ڈرو مت۔ آسام میں ‘بھارت جوڑو نیائے یاترا’ سات دن تک چلے گی، اس یاترا کو کوئی بھی طاقت نہیں روک سکتی۔ کل ‘بھارت جوڈو نیائے یاترا’ اروناچل پردیش میں ہوگی۔ اس کے بعد 21 جنوری کو کالیا بور (ناگاؤں) میں ایک عظیم ریلی ہوگی، جس میں کانگریس صدر مسٹرملکارجن کھڑگے بھی موجود ہوں گے ۔مسٹر گوگوئی نے کہا، "آسام کے وزیر اعلیٰ صرف خود کو امیر بنانے اورخاندان کے افراد کے نام پر جائیدادیں جمع کرنے میں مصروف ہیں۔ دہلی میں ایسا کون ہے جسے ایسے وزیر اعلیٰ پسند ہیں۔ آخرکیوں بی جے پی کے بدعنوان وزرائے اعلیٰ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج ماجولی میں سری سری اونیتی سترا بھی گئے اور وہاں جاکر انہوں نے آشیرواد حاصل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ‘بھارت جوڑو نیائے یاترا’ پر ہیں جس کا مقصد امن، سکون اور انصاف ہے ۔دریں اثنا، مسٹر گاندھی کا ایک ٹویٹ بھی پوسٹ کیا ہے جس میں انہوں نے کہا، "آج ملک میں قبائلیوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے ، آپ کی زمین چھینی جا رہی ہے ، آپ کی تاریخ کو مٹایا جا رہا ہے ۔ آر ایس ایس بی جے پی کا نظریہ آپ سے پانی، جنگلات اور زمین چھیننے کی کوشش کر رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا، ‘‘منی پور میں مہینوں سے سول وار جیسا ماحول ہے ۔












