نئی دہلی (پریس ریلیز)جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے جھارکھنڈ کے ہزاری باغ میں ایک مسلم شخص امام مولانا شہاب الدین کی الم ناک ماب لنچنگ پر گہرے رنج و الم اور تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ کچھ شرپسند عناصر نے مولانا شہاب الدین کو پیٹ پیٹ کر شہید کر دیا جب وہ راستے سےکہیں گزر رہے تھے۔راستے میں غلطی سے ان کی موٹر سائیکل کسی سے ٹچ ہونے کا بہانہ بنا کر کچھ شرپسند وں نے ان کو پیٹ پیٹ کر شہید کر دیا۔ مولانا مدنی نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلی کو خط لکھ کر سرکار سے مجرموں کو قرار واقعی سزا دلوانے اور شہیدکے پسماندگان کو مالی معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مولانا مدنی نے مزید کہا کہ ماب لنچنگ کے اس قسم کے بڑھتے واقعات پر سرکار کو سخت کارروائی کرنی چاہئے کیونکہ ملک میں ایسے واقعات سماجی تانے بانے کو متاثر کرتے ہیں، اس لیے امن وامان اور اس کے سماجی ڈھانچے کو برقرار رکھنے کے لیے ایسے عناصر پر صرف کارروائی ہی نہیں بلکہ نظریاتی طور پر بھی اس کا مقابلہ کیا جائے.مولانا مدنی نے سبھی مذاہب کے رہنماوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑھتی منافرت کوختم کرنے کے لئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ شری چمپائن سورین کو لکھے خط کی کاپی کانگریس صدر ملکاارجن کھڑگےاور اپوزیشن لیڈر شری راہل گاندھی کو بھی روانہ کرتے ہوئے اس طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔












