شعیب رضا فاطمی
نئی دہلی،27اپریل، سماج نیوزسروس: بی جے پی جیسی پارٹی جس کے وزیر اعظم پر مسلسل یہ الزام لگائے جاتے رہے ہیں کہ وہ پر تعیش زندگی گذارنے کے لئے سرکاری خزانے کا اربوں روپیہ خرچ کرتے ہیں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال پر الزام لگا رہی ہے کہ انہوں نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر 45 کروڑ خرچ کئے ہیں جو عام آدمی کے پیسے کا غلط استعمال اور بدعنوانی ہے۔اور اب خبر ہے کہ بی جے پی کے اس الزام کی تائید کانگریس بھی کر رہی ہے ۔اور اب عام آدمی پارٹی نے اس الزام کے خلاف جمعہ کو سڑک پر اترنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جمعرات کو، AAP کے راجیہ سبھا ممبر راگھو چڈھا نے کہا کہ AAP چوتھی پاس بادشاہ کے خلاف احتجاج کرے گی جو عوام کے ٹیکس کے پیسے سے لطف اندوز ہو رہا ہے۔ راگھو چڈھا نے یہ بھی کہا کہ چوتھی پاس بادشاہ کی آسائش پر بات کرنا بہت ضروری ہے۔ ان کے لیے جو محل تعمیر کیا جا رہا ہے اتنا خرچ تو شاہ جہاں نے اپنی آسائش پر بھی نہیں کیا تھا۔ راگھو نے کہا کہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ملک کے چوتھی پاس راجہ کے لیے 1300 کروڑ روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ جب اس بادشاہ نے کرناٹک میں آئی آئی ٹی کا افتتاح کیا تو اس ایک گھنٹے کے افتتاحی پروگرام پر 10 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ۔ جب وہ دنیا کا چکر لگاتا ہے تو 8 ہزار 400 کروڑ کے لگژری جہاز میں سفر کرتا ہے۔ یہ چوتھی پاس بادشاہ جب بیرون ملک سفر کرتا ہے تو کہا جاتا ہے تو اس کے دوروں پر ملک کے ٹیکس دہندگان کے تقریباً 1500 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ ان کے گھر کے ایک چھوٹے سے حصے کو چونے سے پینٹ کرنے پر 90 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
جب وہ ایک روزہ یوگا ایونٹ میں جاتے ہیں تو اس پر 56 کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں۔ یہ عیش و آرام کی زندگی ہے۔ ملک کا پیسہ لوٹا جا رہا ہے۔ عام آدمی پارٹی ٹیکس دہندگان کی محنت کی کمائی کو اس عیش و آرام پر خرچ کرنے کے خلاف احتجاج کرے گی ۔ راگھو نے کہا کہ چوتھی پاس بادشاہ ملک کی چھوٹی ریاست کے پڑھے لکھے وزیر اعلیٰ سے بہت ڈرتا ہے، کیونکہ سب سے زیادہ تعلیم یافتہ وزیر اعلیٰ اپنی ریاست میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ ایک چھوٹی ریاست کے چھوٹے وزیراعلیٰ نے چوتھی پاس بادشاہ کی ناک کے نیچے محلہ کلینک کھول دیا ہے ۔ عالمی پیمانے کا اسکول بنا دیا ہے ، جہاں سےغریبوں کے بچے فائدہ اٹھا سکیں۔
ریاست میں مفت بجلی اور مفت پانی دیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کیجریوال کی سرکار نے عام لوگوں کو بھی باعزت زندگی گزارنے کا موقع دیا ہے ۔ اسی لیے چوتھی پاس بادشاہ گھبراتا ہے۔ آج یہ بادشاہ اپنے ملک کے چھوٹے صوبے کے چھوٹے وزیر اعلیٰ کے پیچھے بھاگ رہا ہے۔ اس بادشاہ نے بجلی، کوئلہ، ہوائی اڈہ اور بندرگاہ کے ٹھیکے اپنے خاص دوست کو دے دیے ہیں ۔ آج ملک بھر میں بجلی مہنگی ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں لوگ مہنگائی کی مار سے پریشان ہیں۔












