نئی دہلی، سنٹرل آرمد پولیس فورسیز میں بحالی کیلئے ہونے والا امتحان اسٹاف سلیکشن کمیشن کے ذریعہ انعقاد کیا جاتا ہے۔ اب اس امتحان میں انگریزی اور ہندی کے علاوہ مزید 13 زبانوں میں سوالنامے ہوںگے جن میں اردو زبان کو بھی شامل کی گئی ہے۔ملک کی شیریں، ادبی اور پیاری زبان اردو کی ترویج و اشاعت اور فروغ کے لئے کام کرنے والی معروف تنظیم اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر پرواز علوم، صوبائی صدر (بہار) نسیم احمد، صوبائی صدر (جھارکھنڈ) مشتاق احمد اور عوامی سطح پر فروغ اردو کے لئے کام کرنے والی معروف شخصیّت آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس فارمیسی وِنگ کے قومی نائب صدر حکیم اعجاز احمد اعجازی دربھنگوی نے مشترکہ بیان میں حکومت کے اقدام کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتحان میں حصّہ لینے والے امیدوار اپنی مرضی، دلچسپی اور شوق و ذوق کے مطابق اپنی زبان کا انتخاب کرسکیں گے۔ امیدواروں کے لئے یہ حوصلہ افزا فیصلہ ہے۔ اس سے ملک کی متعدد زبانوں بشمول عوام کی محبوب و مقبول اردو زبان کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے بالخصوص محبّان، شیدائیان، جاں نثاران اردو اور بالعموم اہلیانِ اردو سے اردو کے فروغ کے لئے ہر ممکن عملی طور پر سرگرم اور برسرِپیکار ہونے کی اپیل کی ہے اور اس مہم کو ملک گیر سطح پر انقلابی شکل دینے کی گزارش کی ہے۔












