سماجوادی پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے حالانکہ 7؍سیٹیں دینے کا کیا تھا پھر بھی نہیں بن سکی بات ، بی جے پی یوپی کابینہ میں جگہ دینے کے ساتھ ساتھ 4؍لوک سبھا اور ایک راجیہ سبھا دینے کو تیار
آر ایل ڈی لیڈر معراج الدین نے کیا کہا
یہ خبر افواہ ہے اس میں کوئی صداقت نہیں ہے
اگر ایسا ہوگا تو کسانوں سے بات کرکے ہوگا
جو بھی ہوگا وہ سب جلد سامنے آ جائے گا
پارٹی اعلی کمان جو بھی فیصلہ لے گی ہم ساتھ ہوں گے
نئی دہلی:عام انتخابات 2024؍سے قبل انڈیا اتحاد کو ایک اور بڑا جھٹکا لگنے والا ہے ۔مغربی بنگال ، پنجاب ، بہار کے بعد اب انڈیا اتحاد کے لیے بری خبر اتر پردیش سے آ رہی ہے ۔خبر یہ ہے کہ راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی ) اب انڈیا اتحاد کو چھوڑ کر این ڈی اے میں شامل ہونے کی تیاری میں ہے اور یہ خبر کافی گرم ہے ۔ حالانکہ اس سلسلہ میں آ رایل ڈی کے نائب قومی صدر اور سابق رکن پارلیمنٹ شاہد صدیقی سے جب بات کرنے کی کوشش کی تو ان سے بات نہیں ہو سکی تاہم خبر یہ ہے کہ اب جلد ہی اس کا اعلان ہو جائے گا ۔ اس کے ساتھ ہی ہمارا سماج نے اتر پردیش کے سابق وزیر اور آر ایل ڈی کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر معرالد این سے بات کی۔ان سے سوال کیا کہ کیا آر ایل ڈی بی جے پی کے ساتھ جا رہی ہے تو اس پر انھوں نے جواب دیا کہ یہ فی الحال میڈیا کا پروپگنڈہ ہے ، ابھی کچھ بھی فائنل نہیں ہوا۔ انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ لینا آسان نہیں ہے کیونکہ ہماری کسانوں کی پارٹی ہے اور کسان ہمیشہ اقتدار مخالف رہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ویسے جو بھی پارٹی کے اعلی عہدیدارفیصلہ لیں ہم اس کے ساتھ ہوں گے لیکن جو بھی فیصلہ لیا جائے گا وہ سب کی رائے کے ساتھ لیا جائے گا ۔ ایک کابینہ بھی یوپی میں مل رہی ہے ؟ اس سوال پر کہا کہ یہ سب جھوٹ ہے ۔ یہ کہیں سماجوادی پارٹی پر دبائو بنانے کے لیے تو نہیں ہے ؟ اس سوال پر ڈاکٹر معراج نے کہا کہ ہم اس سلسلہ میں کچھ نہیں کہہ سکتے ، یہ بھی ممکن ہے ۔ علاوہ ازیں خبر یہ ہے کہ چھپرولی میں اجیت چودھری کی مورتی کی نقاب کشائی ہونی ہے اور اس کے لیے ایک تقریب کا اہتمام آر ایل ڈی کی طرف سے کیا جا رہا ہے جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کو مدعو کیا گیا ہے ،ایسی اطلاع ہے اور اگر پی ایم مودی اس میں شرکت کرتے ہیں تو تصویر صاف ہو جائے گی ۔ خبر یہ ہے کہ بی جے پی مغربی اتر پردیش میں لوک سبھا کی چار سیٹ اور ایک راجیہ سبھا دینے کی بات کہی ہے ۔اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ ایک اتر پردیش میں کابینہ وزیر بھی آر ایل ڈی کا بنایا جائے گا ۔ خبر یہ ہے کہ سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو 7؍سیٹ ضرور لوک دل کو دے رہے ہیں ان پر اپنے امیدوار میدان میں اتارنا چاہتے ہیں ۔ بجنور ، متھرا ، مظفر نگر اور کیرانہ میں اپنے امیدوارچاہتےہیں لیکن اس کے لیے جینت چودھری راضی نہیں ہیں۔اکھلیش یادو نے 11؍کانگریس کو اور 7؍آ ر ایل ڈی کو دینے کااعلان کر دیا تھا لیکن اب سوال یہ اٹھ رہے ہیں کہ کیا اکھلیش یادو نے بغیر بات چیت کے سیٹو ں کا اعلان کر دیا اور اگر بات چیت کرکے ایسا کیا گیا تو سوال یہ ہے کہ پھر یہ بکھرائو کیوں پیدا ہو رہا ہے ؟علاوہ ازیں سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ انڈیا اتحاد کے لیے ایک بڑا جھٹکا ثابت ہوگا اور اس کی وجہ سے یوپی کے تعلق سے بھی ایک غلط میسج جائے گا ۔