نئی دہلی،سماج نیوز سروس: سیلم پور وارڈ میں گذشتہ 13 اپریل سے جاری آدھار کیمپ کا آج (کل) اختتام عمل میں آئے گا۔سیلم پور وارڈ کونسلر حجن شکیلہ کی جانب سے گذشتہ 13 اپریل سے اپنے دفتر پر لگائے گئے مفت آدھار کیمپ سے اب تک ہزاروں لوگ مستفیذ ہوچکے ہیں۔ اس کیمپ سے مقامی لوگوں اور خاص طور پر بزرگ و خواتین نے آدھار کارڈ میں چھوٹی چھوٹی خامیوں کو دور کرنے کے لیے ایس ڈی ایم یا دیگر آدھار سینٹروں پر چکر نہیں کاٹنے پڑے اور ان کو یہ سہولت گھر کے پاس ہی دستیاب کرائی گئی۔ مقامی کونسلر حجن شکیلہ کے شوہر اور سیلم پور اسمبلی سے سابق امیدوار رہے حاجی افضال نے بتایا کہ اس آدھار کیمپ کی ویسے تو ہمارے علاقہ میں بہت سخت ضرورت تھی۔ لیکن ایس آئی آر کے لیے بھی آدھار کارڈ کا درست ہونا بہت ضروری ہے۔ اس کے علاوہ ہمارے بزرگوں کو حکومت کی جانب سے جاری ہونے والی پینشن کے لیے بھی آدھار میں نام اور عمر درست ہونا بہت ضروری ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ دہلی میں آئندہ شروع ہونے والی مردم شماری کے لیے بھی آدھار کا ہونا ضروری ہے اور اس میں نام، عمر، پتہ وغیرہ صحیح ہونا بھی بہت ضروری ہے۔ اس کے لیے ہماری جانب سے گذشتہ 13 اپریل سے اپنے دفتر پر مسلسل کیمپ کی شکل میں آدھار والے ملازمین کو تعینات کیا گیا۔ یہاں رہنے والے بزرگوں کو کافی فائدہ فائدہ ہوا ہے اور انھوں نے آدھار میں ہونے والی چھوٹی چھوٹی خامیوں کو دور کرکے اپنے کاغذات درست رکھنا بہت ضروری ہوگیا ہے۔ کیونکہ اس کمپیوٹر کے دور میں اب ایک ایک اسپیلنگ کا صحیح ہونا بہت ضروری ہے۔ جس طریقے سے مرکزی حکومت کی جانب سے ایس آئی آر کے نام پر مسلمانوں کے ووٹ کاٹنے کی خبریں گردش کر رہی ہیں تو وہیں مردم شماری میں بھی کچھ غلط نہ ہو اس کے لیے ہمارا بیدار رہنا بہت ضروری ہے۔ اس موقع پر دہلی کے مشہور و معروف حکیم امام الدین ذکائی نے بھی لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ چاہے وہ ایس آئی آر ہو یا مردم شماری اس کے علاوہ دیگر سرکاری کاموں میں ہمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہے اور اپنے لوگوں کو تمام سرکاری معاملات میں کاغذات کو درست کرنے کے لیے بیداری پھیلانے کی ضرورت ہے اس کے لیے سیاسی اور سماجی لوگوں کی بھی ذمہ داری اور بڑھ جاتی ہے کیونکہ کئی مرتبہ لوگ لاپرواہی کا شکار ہوجاتے ہیں اور پھر بہت لمبے وقت تک ان کو اس لاپرواہی کی قیمت چکانی پڑتی ہے۔ تب احساس ہوتا ہے کہ ہم نے کاغذات درست نہ کرکے بہت بڑی غلطی کی تھی۔آدھار کیمپ انچارج ظفر نقوی نے بتایا کہ کل آدھار کیمپ کا آخری دن ہے۔لیکن ان دنوں اس آدھار کیمپ سے تقریباً نہ صرف سیلم پور وارڈ بلکہ تمام اسمبلی حلقے کے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے اپنے اپنے آدھار درست کرائے ہیں۔ اور نئے آدھار بھی ہمارے کیمپ سے بنائے گئے ہیں۔












