ناظم بیگ
بلند شہر ؍سماج نیوز سروس:ضلع میں کسانوں کے ذریعہ فصلوں کی باقیات کو سو فیصد جلانے سے روکنے کیلئے ضلع مجسٹریٹ چندر پرکاش سنگھ اور ضلع تر قیا تی افسر کلدیپ مینانے تمام گاؤں کے سربراہوں، گاؤں کے سکریٹریوں، پنچایت معاونین، اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ آفیسرز اور متعلقہ ضلع سطحی افسران کے سا تھ زوم میٹنگ کی گئی ۔ اس میٹنگ میں ضلع کے تمام گائوں کے پردھانوں سے ا پیل کی گئی کہ وہ کسی بھی صورت میں اپنے گائوں میں پرالی اور فصل کی باقیات کو جلانے کی اجازت نہ دیں۔ اس کیلئے کسانوں کو اعلان یا دیگر ذرائع سے آگاہ کیا جائے نیزکسانوں کے ساتھ میٹنگ کرکے انہیں پرالی جلانے سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا جائے تاکہ وہ پرالی نہ جلائیں۔ کھیتوں میں فصل کی باقیات کو جلانے سے زمین کی زرخیزی کم ہوتی ہے، فضائی آلودگی بڑھ جاتی ہے ،جس سے ہمارے جسم کو نقصان پہنچتا ہے اور سنگین بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس لیے کاشتکار بھائیو ں سے اپیل ہے کہ وہ فصل کی باقیات کو نہ جلائیں۔ پرالی جلانے کے بجائے اسے گئو شالائوں میں عطیہ کردیں۔ علاقہ میں بغیر معیار کے چلنے والی دھان کی کٹائی مشینوں کے بارے میں فوری معلومات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ کاشتکاروں کو یہ بھی بتایا جائے کہ پرالی اور فصل کی باقیات کو جلانے پر ان کے خلاف کیا کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اس کے بعد بھی اگر کوئی کسان پرالی جلاتا ہے تو فوراً متعلقہ تھانہ یا ایس ڈی ایم کو جانکاری دیں ۔اس کے علاوہ ضلع پنچایت راج افسر ڈاکٹر پریتم سنگھ کو موبائل نمبر 9958415365 پر بھی مطلع کر سکتے ہیں۔












