سید پرویز قیصر
یوگینڈا کے خلاف پروڈینس میںکھیلے گئے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کے میچ میں ابراہیم زردان اور رحمت اللہ گرباز نے پہلے وکٹ کی شراکت میں14.3 اوور میں154رن جوڑے جو افغانستان کے لئے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں سب سے بڑی اور ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں دوسری سب سے بڑی شراکت تھی۔ ابراہیم زردان کے آوٹ ہونے کی وجہ سے یہ شراکت ٹوٹی جو66 منٹ میں46 بالوں پر نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے70 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ انکے آوٹ ہونے کے بعد رحمت اللہ گرباز نے اپنی اننگ جاری رکھی اور70 منٹ میں45 بالوں پر چار چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 76 رن بناکر آوٹ ہوئے۔ اس شراکت کی وجہ سے افغانستان نے مقررہ 20 اوور میں پانچ وکٹ پر 183 رن بنائے۔ یوگینڈا کو 16 اوور میں58 رن پر آوٹ کرکے افغانستان نے اس میچ میں125 رن سے جیت اپنے نام کی۔
اس شراکت سے پہلے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں افغانستان کی جانب سے سو رن سے بڑی کوئی بھی شراکت نہیں ہوئی تھی۔ اس سے پہلے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ محمد نبی اور سیمع اللہ شنوانی کے پاس تھا۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے ناگپور میں زمبابوے کے خلاف 12 مارچ 2016 کو ہوئے میچ میں پانچویں وکٹ کی شراکت میں 10.4 اوور میں98رن جوڑے تھے۔ محمد نبی نے 54منٹ میں32 بالوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے52 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے جبکہ سیمع اللہ شنوانی نے 50 منٹ میں37 بالوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43رن بنائے تھے۔ اس ساجھے داری کی بدولت افغانستان نے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹ پر 186 رن بنانے کے بعد میچ میں59 رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔
ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں افٖٖغانستان کی جانب سے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ حضرت اللہ زازائی اور عثمان غنی کے پاس ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے آئیر لینڈ کے خلاف دہرہ دون میں23 فروری2019 کو ہوئے میچ میں پہلے وکٹ کی شراکت میں17.3 اوور میں236 رن جورے تھے۔ عثمان غنی کے آوٹ ہونے کی وجہ سے یہ شراکت ٹوٹی تھی جو48 بالوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 73 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ انکے آوٹ ہونے کے بعد حضرت اللہ زازائی نے اپنی اننگ جاری رکھی اور62 بالوں پر گیارہ چوکوں اور سولہ چھکوں کی مدد سے 162 رن بناکر ناٹ آوٹ واپس گئے۔ اس شراکت کی بدولت افغانستان نے مقررہ20 اوور میں تین وکٹ پر 278 رن بنانے کے بعد آئیر لینڈ کو 20 اوور میں چھ وکٹ پر 194 رن ہی بنانے دیئے اور میچ84 رن سے جیتا۔
ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں پہلے وکٹ کی سب سیبڑی شراکت کا ریکارڈ انگلینڈ کے جونی بیرسٹو اور ایلکس ہیلس کے پاس ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے ہندوستان کے خلاف ایڈیلیڈ میں 10 نومبر2022 کو ہوئے میچ میں16 اوور میں علیحدہ ہوئے بغیر 170 رن جوڑے تھے۔ جونی بیرسٹو نے74 منٹ میں49 بالوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے80 رن بنائے تھے جبکہ ایلکس ہیلس74 منٹ میں47 بالوں پر چار چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 86 رن بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔ دونوں کھلاڑی ناٹ آوٹ واپس گئے تھے۔ اس میچ میں ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹ پر 168 رن بنائے تھے۔ انگلینڈ نے اس میچ میں دس وکٹ سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔
رحمت اللہ گرباز اور ابراہیم زردان کی154 رن کی شراکت ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں چوتھی سب سے بڑی شراکت ہے۔












