تہران، (یو این آئی) ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کردیا، جس کے بعد تجارتی جہازوں کی آمد و رفت بحال کردی گئی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے تمام تجارتی جہازوں کی آمد و رفت کو جنگ بندی کی باقی مدت کے لیے مکمل طور پر کھلا قرار دیا گیا ہے۔ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز سیزفائر کی مدت کے دوران تجارتی بحری جہازوں کے لیے کھلی رہے گی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کمرشل شپنگ کے لیے مکمل طور پر کھول دی گئی، جنگ بندی کے دوران جہازوں کی آمد و رفت جاری رہے گی۔ ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو ایرانی پورٹ اور میر ی ٹائم آرگنائزیشن کے طے کردہ راستوں سے گزرنا ہوگا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز جنگ بندی کی مدت کے دوران تمام تجارتی جہازوں کے لئے تزویراتی طور پر اہم آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کے ایران کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر "شکریہ” لکھتے ہوئے مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ آبی گزرگاہ اب تجارت اور مکمل ٹریفک کے لیے تیار ہے۔ تاہم صدر نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی اس وقت تک مکمل طور پر نافذ رہے گی جب تک کہ ایران کے ساتھ معاہدہ 100 فیصد مکمل نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ عمل جلد مکمل ہو جائے گا کیونکہ بیشتر نکات پر پہلے ہی اتفاق ہو چکا ہے۔












