تہران :ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پیر کے روز کہا ہے کہ ایران اسرائیل کی کسی بھی "مجرمانہ کارروائی” کا جواب دیئے بغیر نہ رہے گا۔ وہ لبنان میں حزب اللہ کے سربراہ اور ایرانی سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی (آئی آر جی سی) کے ڈپٹی کمانڈر کی ہلاکت کا حوالہ دے رہے تھے۔بریگیڈیئر جنرل عباس نیلفروشان جمعے کو بیروت میں اسرائیلی حملے میں ہلاک ہو گئے تھے جس میں حزب اللہ کے رہنما سید حسن نصر اللہ بھی جاں بحق ہو گئے تھے۔لبنان میں حزب اللہ ملیشیا اور یمن میں حوثی ملیشیا کے خلاف اسرائیل کے تیز حملوں نے یہ خدشہ پیدا کر دیا ہے کہ شرقِ اوسط کی لڑائی قابو سے باہر ہو سکتی ہے اور اسرائیل کے اہم اتحادی امریکہ اور ایران کو بھی اس میں گھسیٹ سکتی ہے۔
کنعانی نے ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں کہا، "ہم مضبوطی سے کھڑے ہیں اور اس طریقے سے عمل کریں گے جو [دشمن کے لیے] پشیمانی کا باعث ہو۔” نیز انہوں نے کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن اس سے خوفزدہ نہیں ہے۔کنعانی نے کہا، ایران نصراللہ اور نیلفروشان کی ہلاکتوں کے حوالے سے لبنانی حکام کے ساتھ معاملات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔