تہران (ہ س)۔ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے تہران کی جانب سے ریاض کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے، تاکہ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔ اْنہوں نے اْمید ظاہر کی کہ "سعودی عرب کے ساتھ دوستی اسلامی دنیا کے مفادات کے فروغ میں مدد گار ثابت ہوگی”۔ریاض اور تہران اپنی باہمی تعلقات کو خاص طور پر موجودہ جغرافیائی سیاسی تبدیلیوں کے پیش نظر، ایک وسیع تر دائرے میں لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پزشکیان کا کہنا ہے کہ "ایران اور سعودی عرب مل کر خطے کے بہت سے مسائل حل کر سکتے ہیں، اور دونوں علاقائی تعاون کے لیے ایک نمونہ بن سکتے ہیں”۔ایرانی صدر کا یہ بیان سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کے موقع پر سامنے آیا۔ سرکاری دورے پر تہران آئے ہوئے سعودی وزیر دفاع نے ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای، ایرانی افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری اور ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی اکبر احمدیان سے بھی ملاقاتیں کیں۔دوسری جانب شہزادہ خالد بن سلمان نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ سعودی-ایرانی تعلقات اور اْنہیں مضبوط بنانے کے امکانات پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال میں ہونے والی پیش رفت اور اْن سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر کہا کہ "قیادت کی ہدایت پر، میں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ میں نے اْنھیں قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ ہم نے سعودی-ایرانی تعلقات اور اْن کے فروغ کے پہلوؤں پر گفتگو کی، اور علاقائی و عالمی صورت حال پر ہونے والی پیش رفت اور کی جانے والی کوششوں پر بات چیت کی۔”












