لاہور:ایران کے صدر مسعود پزشکیان دو روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ گئے، ان کا طیارہ لاہور ایئرپورٹ پر اترا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر لاہور پہنچے جہاں صدر مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جس کے بعد تینوں شخصیات ایک ہی گاڑی میں ایئر پورٹ سے روانہ ہوئیں۔ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو لاہور ایئر پورٹ پر بچوں نے گلدستے پیش کیے جس پر ایرانی صدر نے بچوں سے اظہار شفقت کیا اور پرتپاک استقبال پر صدر مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ایرانی صدر کے استقبال کے لیے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بھرپور تیاری کی گئی تھی، ایئر پورٹ کو پاکستان اور ایران کے پرچموں سے سجایا گیا تھا اور ایرانی صدر کے استقبال کے لیے ریڈ کارپٹ بھی بچھایا گیا تھا۔ایرانی صدر کے ساتھ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت کئی وزرا اور اعلیٰ حکام کا وفد بھی آیا ہے۔ایرانی صدر مزار اقبال پر حاضری کے بعد آج شام اسلام آباد کے لیے روانہ ہو جائیں گے، لاہور بھر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، آج ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت بھی دی جائے گی۔واضح رہے کہ ایران کے صدر پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں، ایرانی صدر کی آج شام ہی صدر آصف علی زرداری اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ایرانی صدر نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور دیگر وزرا بھی اس موقع پر موجود تھے۔پاکستان کے دورے پر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا دورے کا مقصد تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ایرانی صدر کا کہنا تھا پاکستان کے دورے کے دوران سرحدی سلامتی اور علاقائی امن کے امور زیر بحث آئیں گے، سرحدی منڈیاں اور رابطے باہمی تعاون کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں، کوشش ہے کہ دو طرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچے۔












