علی گڑھ، سماج نیوز سروس:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا شعبۂ اسلامک اسٹڈیز یونیورسٹی کے اُن ممتاز اداروں میں شمار ہوتا ہے جو اپنے طلباء کی صلاحتوں کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے اُن کی فکری تربیت بھی کرتا ہے اور اُنہیں علمی رہنمائی بھی فراہم کرتا ہے، اس کے لئے وہ گاہے بگاہے اپنے طلباء کو خواندگی کے ساتھ ساتھ خارجی امور پر بھی متوجہ کرتا ہے تاکہ علمی زندگی میں ان کے تعلیمی قابلیتیں زمانہ کو فیض پہنچا سکیں۔ اِسی غرض سے سال رواں میں شعبہ میں داخلہ لینے والے طلباء و طالبات کے لئے ایک تربیتی پروگرام شعبہ کے کانفرنس ہال میں مورخہ ۲۸؍اگست کو شعبہ کے چیرمین پروفیسر عبدالحمیدفاضلی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اس موقع پر صدرِ شعبہ پروفیسر عبد الحمید فاصلی نے عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور طلبائے علوم اسلامیہ کو تلقین کی کہ وہ سخت محنت و جدّو جہد کے ساتھ علمی سفر کو جاری رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کو باوقار انداز سے انجام دیں۔ آپ نے فرمایا کہ موجودہ زمانہ ہمہ جہتی کارکردگیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا ہے لیکن ہمیں اپنی مذہبی و تہذیبی شناخت کو برقرار رکھنا بھی اہم ذمہ داری ہے ۔پروفیسر فاضلی نے فرمایا کہ ادارہ جس سے آپ وابستہ ہیں صرف تعلیم گاہ ہی نہیں بلکہ تربیت کا بھی مرکز ہے۔ بزرگوں کا احترام اور چھوٹوں کے ساتھ شفقت ہمارا طرۂ امتیاز ہے اس کا خیال مستقل رکھنا چاہئے ۔سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر اعجاز احمد نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب سے پروفیسر عبدالحمید فاضلی نے سربراہِ صدر کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں الحمد للہ یہ شعبہ ہر سمت میں ترقی سے گامزن ہو رہا ہے جس کی پزیرائی یونیورسٹی کے سبھی شعبوں کے طلباء و طالبات کر رہے ہیں اورشعبۂ اسلامک اسٹڈیز ہمہ جہتی ترقی کا سفر مسلسل طے کر رہا ہے اور شعبہ کی علمی اور ثقافتی سرگرمیوں میں دن بہ دن نکھار آرہا ہے۔ گذشتہ تعلیمی سال میں شعبہ میں متعددقومی و بین الاقوامی کانفرنس، سیمینار، ورکشاپ اور علمی اجلاس منعقد ہوئے جن میں ملک اور بیرونِ ملک کے مختلف تعلیمی اداروں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کرکے کانفرنس ، سیمینار،ورکشاپ اور اورینٹیشن پروگرامس کی رونق کو دوبلا کیا۔ڈاکٹر بلال احمد کُٹّی نے صدرِ شعبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’اسلامک اسٹڈیز سوسائٹی‘ اور’ اسلامک اسٹڈیز سیمینار لائبریری‘ کے قیام اور عہدیدارن کے انتخاب کے بعدہمیں قوی امید ہے کہ پروفیسر عبد الحمیدفاضلی کی سرپرسپی میں اس شعبہ میں تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیاں مزید پروان چڑھیں گی۔منتخب تمام طلبا وطالبات نے پروفیسر عبد الحمید صاحب کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو ڈاکٹر اعجاز احمد اور ڈاکٹر بلال احمد کُٹّی کی نگرانی میں بخوبی انجام دیں گی اور شعبہ کی تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گی۔ اس انتخاب میں صدر حسبِ ضابطہ ڈاکٹر اعجاز احمد رہیں گے بقیہ عہدیداران اس طرح ہیں:شائستہ منظور(ایم اے فائینل)نائب صدر،آفرین خان(ایم اے فائینل) سکریٹری،صفی احمد( ایم- اے سال اول) جوائنٹ سکریٹری۔ اراکینِ سوسائٹی: سادیہ فرحہ مرزا(ایم- اے فائینل)، رقیہ مبارک(ایم- اے فائینل)، انزلنا رفیق(ایم- اے سال اول)،محمد عمران(ایم- اے سال اول)، عاقب رشید(ایم- اے فائینل)، کاظمہ خورشید( ایم- اے فائینل )اور محمد فیضان( ایم- اے سال اول)۔اس موقع پرشعبہ اسلامک اسٹڈیز سیمینار لائبریری کے عہدیداران کا انتخاب بھی عمل میں آیا۔ ڈاکٹر بلال احمد کُٹّی ، انچارج ’اسلامک اسٹڈیز سیمینار لائبریری‘، رقیہ مبارک،سکریٹری اورانزلنا رفیق جوائنٹ سکریٹری منتخب ہوئے۔پروفیسر عبد الحمید فاضلی کے دعائیہ کلمات پر پروگرام کااختتام ہوا۔












