تل ابیب (ہ س)۔حوثیوں کی طرف سے اسرائیل پر میزائل حملے جاری ہیں اور اسرائیلی فوج نے یمن سے داغے گئے ایک میزائل کا سراغ لگانے کا اعلان کیا۔ اتوار کو اپنے ٹیلیگرام اکاؤنٹ پر ایک بیان میں فوج نے نشاندہی کی کہ ’اسرائیل کے اندر کئی علاقوں میں فضائی حملے کے سائرن بجے۔‘بعد میں ایک بیان میں مزید کہا گیا کہ "میزائل کو روکنے کی کئی کوششیں کی گئیں۔العربیہ/الحدث کے نمائندے نے اطلاع دی کہ میزائل کے بعض حصے وسطی اسرائیل میں گرے۔فوج نے مزید کہا کہ اسرائیل میں 269 مقامات پر فضائی حملے کے سائرن بجے اور میزائل کے بعض حصے قریبی علاقے میں گرنے کی بنا پر تل ابیب ایئرپورٹ بند کر دیا گیا۔غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد حوثیوں نے کئی بار اسرائیل کی طرف راکٹ اور ڈرون داغنے کا اعلان کیا۔ البتہ غزہ میں جنگ بندی کے دوران انہوں نے حملے روک دیئے تھے مگر اسرائیلی حملے دوبارہ شروع ہو جانے کے بعد انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک غزہ پر بمباری جاری رہے گی، ان میں شدت آئے گی۔یاد رہے کہ 15 مارچ سے امریکہ نے یمن میں حوثیوں مراکز کے خلاف تقریباً روزانہ فضائی بمباری کی ہے جس سے شدید نقصان اور ہلاکتیں ہوئی ہیں۔












