رملہ:(ایجنسی)فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے اسرائیلی ریاست کے قطری دارالحکومت میں فضائی حملوں کے بعد خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی حملے خطے کی سلامتی و استحکام کے لیے خطرہ ثابت ہوں گے۔وہ منگل کے روز دوحہ میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کے نام پر کی گئی اسرائیلی فوجی کارروائی پر اپنا رد عمل دے رہے تھے۔انہوں نے کہا قطر پر اسرائیلی حملے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور یہ خطے میں کشیدگی بڑھانے اور عدم استحکام کے لیے مزید خطرے کا اشارہ ہیں۔ان کا یہ رد عمل ان کے دفتر کی طرف سے ایک بیان کی صورت میں خبر رساں ادارے ‘ وفا نے رپورٹ کیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی ریاست کی فوج کا کہنا ہے کہ اس کا ہدف حماس کے اعلیٰ قائدین تھے جو ایک اجلاس کے لیے دوحہ میں اکٹھے ہوئے تھے۔تاہم قطر نے فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے قائدین کی رہائش پر حملے کی مذمت کی ہے۔یاد رہے قطر غزہ میں اسرائیلی جنگ روکنے کے لیے پچھلے تقریبا دو سال سے اہم ترین ثالث کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے۔ مگر اسرائیل نے اس سے پہلے حماس کے مذاکرات کار اور سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ سمیت کئی اہم قائدین کو دوسرے ملکوں میں حملے کر کے ہلاک کر دیا۔ اب اسرائیل نے سب سے اہم ثالث کے دارالحکومت دوحہ میں گھس کر کارروائی ہے۔ جیسا کہ وہ ماضی میں لبنانی دارالحکومت بیروت میں کرتا رہا ہے۔












