دیوبند، 23؍ مئی ،سماج نیوز سروس: تاریخی شہر حیدرآباد میں ہاشمی روحانی مرکز دیوبند کی جانب سے ایک کل ہند تربیتی کیمپ منعقد ہوا جس میں استاذ العاملین محسن ملت مولانا حسن الہاشمی رحمہ اللہ علیہ کے شاگردوں نے ملک کے مختلف علاقوں سے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز سورت گجرات سے تشریف لائے قاری رضی الدین کی تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، تلاوت کے بعد مولانا مرحوم کے ہی ایک شاگرد نے سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں نعت کا نذرانہ پیش کرکے پروگرام کو مزید مبارک بنا دیا۔ پروگرام کی صدارت مولانا فیصل الغنی (امام و خطیب مانا مونا مسجد مدراس)نے بخوبی انجام دی۔ نظامت کے فرائض مولانا سعید احمد قاسمی ملی نے نہایت ہی معیاری انداز سے ادا کئے۔ مولانا فیصل الغنی، مولانا سعید اور مفتی وقاص ہاشمی (جانشین محسن ملت مولانا حسن الہاشمی رحمۃ اللہ علیہ) تینوں حضرات کے دو دو بیانات ہوئے جن میں سے ہر بیان بے شمار نصیحت آمیز باتوں پر مشتمل تھا، ان حضرات کے بیانات کے دوران کچھ شاگر حضرات کے تأثرات بھی پیش کئے گئے جو مولانا حسن الہاشمیؒ کے ساتھ گہرے تعلق اور کمال خلوص کی طرف صاف اشارہ کر رہے تھے اور تأثرات سے یہ بھی پتہ چل رہا تھا کہ مولانا مرحوم کتنے ہی دلوں میں آج بھی با حیات ہیں، بے شمار لبوں پر آج بھی ان کا ذکر خیر ہوتا ہے، بہت سی آنکھیں آج بھی ان کی یاد میں اشکبار ہوتی ہیں۔ پروگرام کے دوران ایک نشست سوالات و جوابات پر مشتمل رہی جو منفرد ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت ہی معیاری رہی اور اس نشست سے پروگرام میں تشریف لائے تمام حضرات کو بہت کچھ سیکھنے کو ملا، اس نشست میں شاگرد حضرات کے سوالات کے برجستہ جوابات دئے گئے۔ پروگرام کے دوران ایک نشست مولانا حسن الہاشمی ؒ کی تحریر کردہ تیس کتابوں کے اجراء پر مشتمل تھی۔ یاد رہے کہ ۱۱ مئی بروز ہفتہ شہر دیوبند میں مولانا حسن الہاشمیؒ کی تیس کتابوں کا اجراء ہو چکا تھا، یہ تاریخ میں پہلا موقعہ تھا جب بیک وقت کسی مصنف کی تیس کتابوں کا اجراء ہوا ہو۔ اس تاریخی عمل کو ایک ہفتہ کے بعد تاریخی شہر حیدرآباد میں دوہرایا گیا، حیدرآباد میں منعقد کل ہند تربیتی کیمپ کے اختتام پر پروگرام کے کنوینر مفتی وقاص ہاشمی نے تمام حاضرین مجلس کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کو انتظامی امور کے ذریعہ کامیاب بنانے میں مولانا عبد العظیم، مولانا سمیر، مولانا جاوید، مولانا سردار اور مولانا احمد علی پیش پیش رہے۔












