نئی دہلی ،:دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے ڈیلی گیٹ اور سینئر لیڈر سید ناصر جاوید نے لوک سبھا سکریٹری کی جانب سے راہل گاندھی کو لوک سبھا کی رکنیت کے لئے نااہل قرار دینے پر کہا کہ بی جے پی پچھلے کچھ عرصے سے مسلسل راہل گاندھی کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔، بھارت جوڑو یاتراکے دوران انہیں پورے ہندوستان کے عوام کی زبردست حمایت ملی جس کی وجہ سے بی جے پی کی نیندیں اڑ گئیں۔اڈانی گروپ کے ذریعہ کئے گئے ملک کے سب سے بڑے گھوٹالے کو چھپانے کے لئے بی جے پی کی طرف سے مسلسل مختلف سیاسی حربے اختیار کئے گئے اور ای ڈی، سی بی آئی کو آلہ بنا کر راہل گاندھی پر دبائوڈالنے کی کوشش کی گئی، جبکہ وہ اس کی حقیقت سے پردہ اٹھانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اڈانی گروپ کی جے پی سی جانچ سے بچنے کے لئے پارلیمنٹ میں بار بار مائیک کو بند کرنا اور پارلیمانی کاروالی کو نہ چلنے دینا بی جے پی کی بوکھلاہٹ کو اجاگر کرتا ہے اور یہ سب کارپوریٹ گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ راہل گاندھی ہیں، ‘ساورکر نہیں جو کسی سے معافی مانگیں گے، راہل گاندھی اپنے خیالات کے اظہار کے لئے مکمل طور پر آزاد ہیں اور ملک کے عوام کے حقوق کے لیے ان کی آواز پوری طاقت کے ساتھ جاری رہے گی۔












