روم، (یو این آئی)دو بار کی چیمپئن ایلینا سویتولینا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اٹالیئن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں اب ان کا مقابلہ امریکہ کی کوکو گافسے ہوگا۔ روم میں کھیلے گئے ایک سنسنی خیز اور اعصاب شکن سیمی فائنل میں یوکرین کی سویتولینا نے تین بار کی فاتح اور سابق عالمی نمبر ون ایگا سویاٹیک کو شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ کٹایا۔جمعہ کو آدھی رات کے بعد تک جاری رہنے والے اس ہائی وولٹیج مقابلے میں سویتولینا نے پولینڈ کی سویاٹیک کو 2 گھنٹے 14 منٹ میں 6-2، 4-6 اور 6-2 سے ہرا دیا۔ سال 2017 اور 2018 میں مسلسل دو بار یہ ٹرافی جیتنے والی سویتولینا نے طویل عرصے بعد اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں واپسی کی ہے۔سابق عالمی نمبر 3 سویتولینا کی اس فتح کی سب سے بڑی وجہ اہم مواقع پر دباؤ کو جھیلنا تھا۔ انہوں نے سیمی فائنل کے دوران 16 بریک پوائنٹس میں سے 11 کا کامیابی سے دفاع کیا، جن میں آخری سیٹ کے تمام 5 بریک پوائنٹس شامل تھے۔ دوسری جانب، ایگا سویاٹیک نے میچ میں کثرت سے غلطیاں کیں؛ انہوں نے 50 غیر مجبور غلطیاں کیں جبکہ وہ صرف 28 ونرز ہی لگا سکیں۔ اس ہار کے ساتھ ہی سویاٹیک کی ٹاپ 10 کھلاڑیوں کے خلاف مسلسل تین سیٹس والے میچوں میں شکست کا سلسلہ برقرار رہا۔












