کانپور،سماج نیوز سروس: ملک کے موجودہ پرآشوب حالات اور نت نئے نظریاتی چیلنجز کے پیش نظر نسلِ نو کے ایمان و عقائد کے تحفظ اور ان کی صحیح اسلامی نہج پر تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اسی عظیم مقصد کے تحت اور اپنے اکابرین کی روایات کو سینے سے لگائے ہوئے مشرقی اتر پردیش کی معروف و موقر دینی درسگاہ ’جامعہ محمودیہ اشرف العلوم‘ واقع جامع مسجد اشرف آباد، جاجمؤ کانپور میں نئے تعلیمی سال ۴۸-۱۴۴۷ھ مطابق ۲۷-۲۰۲۶ء کے لئے داخلوں کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ جامعہ کے ناظم مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے بتایا کہ یہ عظیم ادارہ فقیہ الامت حضرت الحاج ملا مفتی محمود حسن گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ کے فیضان اور سابق قاضی شہر کانپور حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نور اللہ مرقدہ کی بے لوث قربانیوں، عزم و ہمت اور للّٰہیت کا ثمرہ ہے۔ آج یہ ادارہ انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پورے علاقے میں قرآن و سنت کی روشنی عام کر رہا ہے۔ مولانا نے بتایا کہ جامعہ کے شعبہ عالمیت (اول تا ہفتم) اور شعبہ حفظ و ناظرہ کے لئے داخلہ فارم آج ۱۲ ؍شوال المکرم مطابق یکم ؍اپریل سے دستیاب ہیں۔ جامعہ کی ایک نہایت اہم اور نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہاں دینی و شرعی علوم کے ساتھ ساتھ عصری تقاضوں کا بھی بھرپور خیال رکھا گیا ہے؛ چنانچہ شعبہ حفظ و ناظرہ کے طلبہ کو پانچویں جماعت تک عصری تعلیم دی جاتی ہے ، جبکہ شعبہ عالمیت کے طلبہ کے لئے کمپیوٹر کلاسز اور ‘این آئی او ایس (NIOS) کے ذریعے انٹرمیڈیٹ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر امور پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے ۔ نئے تعلیمی سال کے لئے داخلے کے خواہش مند قدیم طلبہ کو ہر حال میں ۱۵ ؍شوال مطابق ۳ ؍اپریل تک اپنی کارروائی مکمل کرنی ہوگی ، جبکہ جدید (نئے) طلبہ کے لئے داخلہ فارم جمع کرنے اور کارروائی مکمل کرنے کی آخری تاریخ ۱۸ ؍شوال مطابق ۶ اپریل مقرر کی گئی ہے ۔ مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد داخلے کی کارروائی مکمل طور پر بند کر دی جائے گی اور باقاعدہ تعلیم کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ۔ داخلے کے لئے اہم شرائط و ضوابط پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امیدوار طلبہ کا شرعی وضع قطع کا پابند ہونا انتہائی ضروری ہے ۔داخلے کے وقت طلبہ اپنی ۳ ؍عدد تصاویر، آدھار کارڈ اور سرپرست کی جانب سے تحریر کردہ ‘سرپرست نامہ ضرور ہمراہ لائیں ۔ نئے داخلہ لینے والے طلبہ کے لئے اپنے سابقہ مدرسے یا اسکول کا سرٹیفکیٹ یا تصدیق نامہ پیش کرنا لازمی ہے ۔چھوٹے بچوں کے داخلے کے وقت کسی ذمہ دار سرپرست کا موجود ہونا ضروری ہے ۔جامعہ ایک اقامتی ادارہ ہے، اس لئے طلبہ داخلہ لینے کے بعد بار بار واپس گھر جانے کے بجائے یکسوئی کے ساتھ یہیں رہ کر تعلیم حاصل کرنے کا مزاج بنا کر تشریف لائیں ۔












