نئی دہلی ،پریس ریلیز،ہمارا سماج:جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تحت چلنے والے چائلڈ گائیڈینس سینٹرمیں جامعہ کے کارگزاروائس چانسلر پروفیسر محمد شکیل نے ایک پروقارتقریب میں ’’ اسپیشل سروس سینٹر‘‘ کا افتتاح کیا۔ممتازدانشور ،مشہورماہرتعلیم ، جامعہ کی فیکلٹی آف ایجوکیشن کی ڈین اورڈاکٹرذاکرحسین میموریل ویلفیئر سوسائٹی کی اعزازی سکریٹری جنرل پروفیسر سارہ بیگم نے ڈاکٹرذاکر حسین میموریل ویلفیئر سوسائٹی کے صدر اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر محمد شکیل کا پُرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے اسپیشل سروس سینٹر کے اغراض ومقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔اسپیشل سروس سینٹر میں اسکول کے طلبا وطالبات اور مقامی معذورافرادکے لیے کئی طرح کی خدمات پیش کی جائیں گی جن میں (۱) معذوریت کی نوعیت کی شناخت (۲) معذوریت کی تشخیص (۳) معذورافرادکو معمول کی زندگی کی طرف لانے کے لیے انٹروینشن پروگرام کا آغاز شامل ہے۔ انٹروینشن پروگراموںمیںفیزیوتھریپی، اوکوپیشنل تھریپی، نفسیاتی تشخیص، کاؤنسلنگ اور یوگاجیسے پروگرام شامل کیے گئے ہیں۔وائس چانسلر نے اپنے بے حدمصروف شیڈیول کے باوجود چائلڈ گائیڈنس سینٹرکے سبھی یونٹوں کاجائزہ لیا، کیے جانے والے کاموں اور پروفیسر سارہ بیگم کی کوششوں کو خوب سراہا ساتھ ہی انہوں نے یہاں کی خدمات کو بہتربنانے اورانفراسٹرکچرکے کام سے متعلق فوری طورپر کئی احکامات بھی دیئے۔انہوں نے خصوصی زمرے کے طلبا سے بھی بات چیت کی۔یہ اسپیشل سروس سینٹرمقامی معذورافرادکی تشخیص کے لیے آفس اوقات میں کھلا رہے گا۔تقریب میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سبھی اسکولوں کے پرنسپل اوراین جو اوزکے نمائندے ، ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن سے ڈاکٹرمحمد اسجد انصاری کے علاوہ زیرتعلیم بچوں کے والدین اور سرپرست سب شریک تھے۔