عبدالحسیب
سدھاتھ نگر ،24جنوری سماج نیوز سروس: جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر ،یوپی ایک دعوتی ،تعلیمی اور رفاہی تنظیم ہے جس کا بنیادی مقصد کتاب وسنت کی سنہری وآفاقی تعلیمات کی نشرواشاعت اور خدمت خلق ہے۔ ان خیالات کااظہار جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر ،یوپی کے ناظم اعلیٰ مولانا وصی اللہ مدنی نے یوم جمہوریہ کے موقع پر کیا ۔ انہوںنے کہا کہ اس بار ہم 74 واں یوم جمہوریہ منانے جارہے ہیں، اور ساتھ ہی ساتھ پورے ملک کے مدارس،کالجز،اسکول ودفاتر میں بھی انتہائی شان وشوکت اور جوش وخروش کے ساتھ”جشن یوم جمہوریہ”منایا جائے گا،کاش کہ اس جشن کے موقع پر حکمرانوں کے ذریعہ آئین کے تحفظ اور جمہوری اقدار کی بقا کو مقدم رکھنے کا حلف لیا جاتا اور اس پر عمل بھی کیا جاتا۔ نفرت بھرے ماحول کو امن وآشتی، اخوت و بھائی چارہ سے بدلنے کی بات کی جاتی، مساویانہ آئینی حقوق کو یقینی بنایا جاتا، ملک دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے میں امتیاز نہیں برتا جاتا، گنگا جمنی تہذیب کی لاج رکھی جاتی، اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے خلاف آگ اگلنے والی زبانوں پرلگام لگایا جاتا گؤرکشاکے نام پر بے قصور مسلمانوں کو موت کے گھاٹ اتارنے والوں کوسخت سزا دی جاتی ،لوجہاد اور گھر واپسی کے نام پر آتنک کاراج قائم کرنے والوں کو تختہ دار تک پہنچایا جاتا، "سب کا ساتھ سب کا وکاس”اور سب کا وشواس کے نعرہ کو سب کے لئے عملی جامہ پہنایا جاتا، تو "یوم جمہوریہ” کے معماروں کےلئے یہی سچی خراج عقیدت ہوتی۔انہوں نے ہمارے علماءنے قربانیاں اس لئے پیش کیں تاکہ ہم آزاد فضا میں سانس لے سکیں، جب ہمیں آزادی ملی تو جوقانون ملک کے لئے بنایا گیا اس میں ہرمذہب وملت کے لوگوں کو اپنے اپنے مذہب پر چلنے کی آزادی عطا کی گئی۔لیکن کچھ لوگ ہیں جو ہمارے بھائی چارے کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر ،یوپی یوم جمہوریہ کے مسرت موقع پر تمام اہل وطن کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہے۔