بلال بزاز
سرینگر،سماج نیوز سروس: جموں کشمیر میں لوک سبھا انتخابات ختم ہونے کے ساتھ ہی تمام الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو سخت سیکورٹی کے ساتھ محفوظ مقامات پر سیل کر دیا گیا ہے کی بات کرتے ہوئے چیف الیکٹوریل آفیسر جموں کشمیر پی کے پول نے کہا کہ ووٹنگ مشینوں کو محفوظ کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر میں لوک سبھا انتخابات کیلئے ووٹنگ ختم ہونے کے ساتھ ہی تمام ووٹنگ مشینوں کو محفوظ کر لیا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے انکشاف کیا کہ جموں ریاسی پی سی سیٹ کے ای وی ایم ایس کو ایم اے ایم کالج جموں اور پولی ٹیکنک کالج میں سخت سیکورٹی میں رکھا گیا ہے۔چیف الیکٹورل آفیسر پی کے پول نے کہا’’جموں و کشمیر کی تمام پانچ لوک سبھا سیٹوں کی ای وی ایمز جہاں پر انتخابات ہوئے تھے، ہر سیٹ کے ضلع ہیڈکوارٹر میں سخت حفاظتی انتظامات کے تحت محفوظ کیے گئے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ ادھم پور سیٹ کے ای وی ایم کو ضلع کٹھوعہ میں محفوظ کیا گیا ہے۔سی ای او نے کہا کہ اسی طرح سرینگر، بارہمولہ اور راجوری اننت ناگ لوک سبھا سیٹ کے ای وی ایم کو بھی ان کے متعلقہ اضلاع میں سخت حفاظتی انتظامات میں محفوظ کیا گیا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کشمیر کے تین پارلیمانی حلقوں میں 1984 کے بعد سے زیادہ ووٹر ٹرن آؤٹ دیکھنے میں آیا ہے۔ راجوری اننت ناگ سیٹ پر، جس میں ہفتہ کو پولنگ ہوئی تھی، 53 فیصد سے زیادہ ووٹر ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا، جو 1984 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔












