سید پرویز قیصر
جسپریت بمراہ نے 156 میچ کھیلنے کے بعد پہلی مرتبہ ممبئی انڈینس کی انڈین پریمیر لیگ میں قیادت کی اور انڈین پریمیر لیگ مین دوسرے سب سے زیادہ میچوں کے بعد قیادت کرنے والے کھلاڑی بنے۔ دائیں ہاتھ کے اس تیز بالر نے پنجاب کنگس کے خلاف دھرم شالہ میں پہلی مرتبہ ٹیم کی قیادت کی اور اس میچ میں اپنی ٹیم کو جیت دلائی۔اس سیزن میں وہ ممبئی انڈینس کے تیسرے کپتان ہیں۔ اس سے پہلے ہاردک پانڈیہ اور سوریہ کمار یادو ممبئی انڈینس کے قائد رہ چکے ہیں۔
انڈین پریمیر لیگ میںسب سے زیادہ میچ کھیلنے کے بعد ٹیم کی قیادت کرنے کا ریکارڈ رویندر جدیجہ کے پاس ہے جنہوں نے پورے دو سو میچ کھیلنے کے بعد کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف چنئی سپر کنگس کی قیادت کی تھی۔ ممبئی میں26 مارچ2022 کو ہوئے اس میچ میں ان کو اپنے پہلے میچ میں چھ وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔ انہوں نے انڈین پریمیر لیگ میں کل آٹھ میچوں میں قیادت کی جس میں دو میچوں میں انہیں کامیابی ملی تھی اور چھ میں شکست ہوئی تھی۔
منیش پانڈے کو ابھی تک انڈین پریمیر لیگ میں صرف ایک مرتبہ قیادت کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے153 میچ کھیلنے کے بعد پہلی مرتبہ سن رائزرس حیدرآباد کیلئے ممبئی انڈینس کے خلاف ابوظبہی میں8 اکتوبر2021 کو کپتانی کی تھی۔ اس میچ میں انکی ٹیم کو شکست ہوئی تھی۔ اس میچ کے بعد انہوں نے کبھی بھی انڈین پریمیر لیگ میں کسی میچ میں کپتانی نہیں کی۔
بائیں ہاتھ سے اسپین بالنگ کرانے والے اکشر پٹیل کو148 میچ کھیلنے کے بعد پہلی مرتبہ دہلی کیپٹلس کی قیادتب کرنے کا موقع ملا تھا۔ انہوں نے پہلی مرتبہ رائل چیلنجرس بنگلورو کے خلاف بنگلورو میں12 مئی2024 کو کپتانی کرنے کا موقع ملا تھا۔ اس میچ میں دہلی کیپٹلس کو شکست ہوئی تھی۔ انہوں نے ابھی تک جن25 میچوں میں کپتانی کی ہے اس میں سے دس میں انہیں کامیابی ملی ہے اور13 شکست ہوئی ہے ۔ ایک میچ ٹائی رہا ہے جبکہ ایک میچ نامکمل رہا ہے۔ ایک کپتان اور ایک کھلاڑی کی حیثیت سے انکی کارکردگی میں زیادہ فرق نہیں ہے۔ انہوں نے ایک کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلتے ہوئے25میچوں میں142.37 کے اسٹرائیک ریٹ اور0 22.1 کی اوسط کے ساتھ دو نصف سنچریوں کی مدد سے420 رن بنائے ہیں جبکہ دوسرے کپتانوں کی قیادت میں کھیلتے ہوئے انہوں نے 149 میچوں میں21.00 کی اوسط اور130.39 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ دو نصف سنچریوں کی مدد سے 1596رن بنائے ہیں۔
کیرون پولارڈ نے137 میچ کھیلنے کے بعد پہلی مرتبہ ممبئی انڈینس کی قیادت پنجاب کنگس کے خلاف ممبئی میں10 اپریل2019 کو کی تھی۔ اس میچ میں انہوں نے ٹیم کو تین وکٹ سے جیت ملی تھی۔ ان کو کل چھ میچوں میں ممبئی انڈینس کی قیادت کرنے کا موقع ملا جس میں انہوں نے چارمیچوں میں جیت دلائی اور دو میں انہیں شکست ہوئی،
سوریہ کمار یادو نے 126 میچ کھیلنے کے بعد پہلی مرتبہ ممبئی میں16 اپریل2023کو کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف ممبئی انڈینس کی قیادت کی تھی۔ اس میچ میں ممبئی انڈینس پانچ وکٹ سے کامیاب رہی تھی۔ انہوں نے کل پانچ میچوں میں ٹیم کی قیادت کی ہے جس میں سے دو میچوں میں جیت ہوئی اور تین میں شکست کا سامنا کرنا پرا۔












