جھارکھنڈ کے وزیر چمپئی سورین اب بنیں گے ریاست کے نئے وزیر اعلی ، ای ڈی کے خلاف ہیمنت سورین نے ایس سی ایس ٹی کے تحت ایف آئی آر درج کرائی
نئی دہلی :جھارکھنڈ کی سیاست میں طوفان آ گیا ہے ۔ اپوزیشن کو جس بات کا ڈر تھا وہی ہوا ۔جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین کو ای ڈی نے باقاعدہ طور پر گرفتار کر لیا ہے اور یہ اس وقت ہوا ہے کہ جب عام انتخابات ہونے والے ہیں اور اپوزیشن متحد ہو رہا ہے ۔ قریب 5؍گھنٹے تک چلی پوچھ گچھ کے بعد یہ گرفتاری عمل میں آئی ۔ قانونی اعتبار سے ہیمنت سورین نے گورنر ہائوس میں جاکر پہلے استعفیٰ دیا ہے اور اس کے بعد انھیں باقاعدہ طور پر گرفتار کیا گیا ۔ اس گرفتاری کے بعد نئے وزیر اعلی کا بھی انتخاب کر لیا گیا ۔ جھارکھنڈ کے وزیر اور شیبو سورین کے قریبی بتائے جانے والے چمپئی سورین کو وزیر اعلی کے طور پر منتخب کیا گیا ہے ایسی خبر ہے ۔ در اصل یہ پورا معاملہ منی لانڈرنگ کا ہے ۔ای ڈی کی یہ دوسری مرتبہ پوچھ گچھ ہوئی تھی جس کے بعد گرفتاری کی گئی ہے ۔ اس دوران جے ایم ایم کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا اور ای ڈی پر حکومت کے اشارے پر غیر قانونی طریقہ سے کاروائی کا الزام بھی عائد کیا گیا۔غور طلب بات یہ ہے کہ معاملہ صرف ہیمنت سورین کا نہیں ہے بلکہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال ، بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو پر بھی گرفتاری کی تلوار لٹکی ہوئی ہے ۔ اس گرفتاری کے خلاف اپوزیشن کی طرف سے آواز بلند کی جا رہی ہے ۔ دوسری جانب ہیمنت سورین نے ای ڈی کے خلاف تھانہ میں مقدمہ درج کرایا ہے ۔ یہ ایف آئی آر سی ایم سورین کی جانب سے ایس ٹی-ایس سی تھانے میں درج کرائی گئی ہے۔دراصل، ای ڈی حکام نے راجدھانی دہلی میں سی ایم سورین کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔ وہاں سے بھاری مقدار میں نقدی بھی برآمد ہوئی تھی۔ اب ان کی جانب سے اسی کارروائی کے خلاف یہ ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ فی الحال سی ایم سورین پر گرفتاری کی تلوار لٹک رہی ہے۔ انہیں ای ڈی کسی بھی وقت گرفتار کر سکتی ہے۔ چند روز قبل تک ان کے ٹھکانے کے بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں تھیں۔ سی ایم سورین اس وقت زمین گھوٹالے کے معاملے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ان پر فرضی نام اور پتہ استعمال کر کے آرمی کی زمین خریدنے کا الزام ہے۔ اس معاملے میں سب سے پہلے ای ڈی کے ذریعہ آئی آئی آر درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔ اس وقت ایک قبائلی زمین پر ناجائز قبضے کی وجہ سے سی ایم سورین کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ اس معاملے میں بھی انہیں بار بار سمن بھیجے جا رہے ہیں۔ جانچ ایجنسی نے اس معاملے میں اب تک 14 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ اس میں 2011 بیچ کے آئی ایس افسر چھوی رنجن کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ اب مانا جا رہا ہے کہ چونکہ سی ایم سورین نے ابھی تک اس معاملے میں زیادہ تعاون نہیں کیا ہے، اس لیے انہیں کسی بھی وقت گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ اس صورت حال میں بھی یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ سورین کی بیوی کو ریاست میں وزیر اعلیٰ بنایا جا سکتا ہے۔












