سید پرویز قیصر
انگلینڈ اور آسڑیلیا کے درمیان ساوتھمپٹن میں کھیلے گئے تین ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوںکی سریز کے پہلے میچ میں38.5 اوور میں20 وکٹوںکے نقصان پر330 رن بنے جو اس ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں مشترکہ طور پر دوسرے سب سے زیادہ رن ہیں جس میں سبھی بیس کھلاڑی آوٹ ہوئے ہیں۔ اس میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسڑیلیاکے سبھی کھلاڑی 19.3 اوور میں 179 رن بناکر آوٹ ہوگئے تھے۔ انگلینڈ کے سبھی کھلاڑی اس اسکور کے جواب میں19.2 اوور میں151 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جسکی وجہ سے اسے28 رن سے شکست ہوئی۔
بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میر پور، ڈھاکہ میں22 دسمبر2018 کو ہوئے میچ میں بھی سبھی بیس کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے کے بعد36.2 اوور میں 330رن بنے تھے۔ اس میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے19.2 اوور میں190 رن بنائے تھے جس کے جواب میں بنگلہ دیش کے سبھی کھلاڑی 17 اوور میں140 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ ویسٹ انڈیز نے اس میچ میں50 رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔
ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ ،میں چالیس وکٹوں کے نقصان پر سب سے زیادہ رن آسڑیلیا اور پاکستان کے مابین گروس آئسلیٹ میں2 مئی2010 کو ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کے میچ میں بنے تھے۔ اس میچ میں چالیس اوور میں سبھی بیس کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے کے بعد348 رن بنے تھے۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسڑیلیا کے سبھی کھلاڑی20 اوور میں191 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ پاکستان کے سبھی کھلاڑی اس اسکور کے جواب میںپورے 20 اوور میں رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ آسڑیلیا نے اس میچ میں34 رن سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔
جرمنی اور ناروے کے مابین کریفلد میں11 جولائی 2024 کو ہوئے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں39.1 اوور میں سبھی کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے کے بعد313 رن بنے تھے۔ اس میچ میں ناروے کو 11 رن سے کامیابی ملی تھی۔ ناروے کے کپتان رضا اقبال میچ کی پہلی ہی بال پر آوٹ ہوئے تھے۔ جرمنی نے ٹاس جیت کر پہلے ناروے سے بلے بازی کرائی تھی۔ ناروے کے سبھی کھلاڑی19.4 اوور میں162 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جس کے جواؓ ب میں جرمنی کے سبھی کھلاڑی19.3 اوور میں151 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے اور ان کو اس میچ میں گیارہ رن سے شکست ہوئی تھی۔
روانڈا میں ایسٹ افریقہ کپ کے سلسلے میں روانڈا اور یوگینڈاکے مابین22 اگست2023 کو ہوئے میچ میں روانڈا نے ٹاس جیت کر پہلے یوگینڈا سے بلے بازی کرائی تھی۔ یوگینڈا کے سبھی کھلاڑی پورے بیس اوور میں186 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ روانڈا کے سبھی کھلاڑی 15.3 اوور میں125 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جسکی وجہ سے اسے61 رن سے شکست ہوئی تھی۔ اس میچ میں 35.3اوور میں بیس وکٹوں کے نقصان پر311 رن بنے تھے جو ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ کے ایک میچ میں جس میں سبھی بیس کھلاڑی آوٹ ہوئے ہو، پانچویں سب سے زیادہ رن ہیں۔












