سید پرویز قیصر
سری لنکا کے کامندو مینڈس نے آٹھویں ٹسٹ میچ کی تیرہوں اننگ میں اپنی پانچویں سنچری اسکور کرکے آسڑیلیا کے ڈان بریڈ مین کا ریکارڈ برابر کیا۔ ڈان بریڈ مین نے بھی تیرہویں اننگ میں اپنی پانچویں سنچری اسکور کی تھی مگر انہوں نے ساتویں ٹسٹ میچ میں ایسا کیا تھا۔کامندو مینڈس نے نیوزی لینڈ کے خلاف گول میں جاری دوسرے ٹسٹ کے دوسرے دن سری لنکا کی پہلی اننگ میں250 بالوں پر16 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے182 رن بناکر ایسا کیا۔ یہ اسکور ان کا سب سے زیادہ اسکور بھی ہے۔ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگ 163.4 اوور میں پانچ وکٹ پر 602 رن بناکر ٖکلیر کردی تھی۔ اس اننگ کے اختتام تک بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے اس کھلاڑی نے آٹھ ٹسٹ میچوں کی13 اننگوں میں91.27 کی اوسط اور 65.02 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ پانچ سنچریوں اور چار نصف سنچریون کی مدد سے1004 رن بنائے تھے۔ وہ سری لنکا کی جانب سے سب سے کم اننگوں میں ایک ہزار رن مکمل کرنے والے بلے باز بھی بنے۔ ابھی تک وہ ایک مرتبہ بھی صفر پر آوٹ نہیں ہوئے ہیں۔ ان سے پہلے سری لنکا کی جانب سے سب سے کم اننگوں میں ایک ہزار رن مکمل کرنے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر دھننجہ ڈی سلوا، مائیکل وینڈورٹ اوررائے ڈائس کے پاس تھا ۔ تینوں نے23 ویں اننگ میں ایسا کیا تھا۔
ٹسٹ کرکٹ میں سب سے کم اننگوں میں ایک ہزار رن بنانے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر انگلینڈ کے ہربرٹ سٹکلیف اور ویسٹ انڈیز کے ایورٹن ویکس کے پاس ہے۔ ان دونوں بلے بازوں نے نو ٹسٹ کی 12 اننگوں میں بلے بازی کرنے کے بعد ایسا کیا تھا۔ ڈان بریڈمین نے سات ٹسٹ میچوں کی13 اننگوں میں اپنے ایک ہزار رن مکمل کئے تھے جبکہ کامندو مینڈس آٹھویں ٹسٹ کی تیرہوں اننگ میں ایسا کرنے کے بعد ڈان بریڈمین کی برابری پر آگئے۔
ڈان بریڈ مین نے اپنی پانچویں سنچری انگلینڈ کے خلاف لیڈز میں جولائی 1930 میں ہوئے ٹسٹ میں اسکور کی تھی۔ اس ٹسٹ میں آسڑیلیا کی واحد اننگ میں انہوں نے383 منٹ میں448 بالوں پر 46 چوکوں کی مدد سے334 رن بناکر ایسا کیا تھا۔ یہ انکے ساتویں ٹسٹ کی 13 ویں اننگ تھی۔
ٹسٹ کرکٹ میں سب سے کم اننگوں میں پانچ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے ایورٹن ویکس کے پاس ہے جنہوں نے اپنے ساتویں ٹسٹ کی دسویں اننگ میں اپنی پانچویں سنچری اسکور کی تھی۔ ہندوستان کے خلاف کولکاتہ میں1948-49 میں کھیلے گئے ٹسٹ میں انہوں نے دونوں اننگوں میں سنچریاں بنائی تھیں۔ پہلی اننگ میں188 منٹ میں24 چوکوں کی مدد سے162 رن بنانے کے بعد وہ دوسری اننگ میں پانچ چوکوں کی مدد سے 101 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
انگلینڈ کے ہربرٹ سٹکلیف اپنے نویں ٹسٹ کی بارہویں اننگ میں اپنی پانچویں سنچری بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ آسڑیلیا کے خلاف فروری1925 میں ملبورن میں کھیلے گئے ٹسٹ کی پہلی اننگ میں اس دائیں ہاتھ کے بلے باز نے295 منٹ میں339 بالوں پر14 چوکوں کی مدد سے143 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
آسڑیلیا کے نیل ہاروے نے آٹھویں ٹسٹ کی12 ویں اننگ میں اپنی پانچون سنچری بنائی تھی۔بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ میں فروری1950 میں ہوئے میچ میں آسڑیلیا کی دوسری اننگ میں پورے 100 رن بنانے کے بعد ایسا کیا تھا۔
ڈان بریڈمین اورکامنڈو مینڈس کی طرح ویسٹ انڈیز کے جارج ہیڈیلے نے بھی اپنی پانچویں سنچری تیرہویں اننگ میں بنائی تھی۔ انہوں نے اپنے ساتویں ٹسٹ میں یہ اننگ کھیلی تھی۔ آسڑیلیا کے خلاف برسبین میں جنوری1931 میں کھیلے گئے ٹسٹ میں ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگ میں وہ247 منٹ میں دس چوکوں کی مدد سے102 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے تھے۔