نئی دہلی (یو این آئی) بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے سابق ہندوستانی کرکٹر دنیش کارتک کو رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے اپنا بیٹنگ کوچ اور مینٹور مقرر کیا ہے۔
اس تقرری کے بعد کارتک انڈین پریمیئر لیگ کے اگلے سیزن سے آر سی بی کے کھلاڑیوں کو بلے بازی کی چالیں سکھاتے نظر آئیں گے۔
کارتک نے آر سی بی کے بیٹنگ کوچ اور مینٹور کی تقرری کے حوالے سے جاری پریس ریلیز میں ایک بیان میں کہاکہ “میں پیشہ ورانہ سطح پر کوچ کرنے کا موقع ملنے پر بہت پرجوش ہوں۔ یہ میری زندگی کا ایک نیا باب ہے۔ مجھے امید ہے کہ میں بطور کھلاڑی اپنا تجربہ آر سی بی کو دینے میں کامیاب ہوپاؤں گا۔‘‘
کارتک آئی پی ایل میں کل چھ ٹیموں کا حصہ رہے۔ انہوں نے دہلی ڈیئر ڈیولز (اب دہلی کیپٹلز)، کنگز الیون پنجاب (اب پنجاب کنگز)، ممبئی انڈینز، گجرات لائنز، کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور آر سی بی کی نمائندگی کی۔ وہ کے کے آر کی کپتانی بھی کر چکے ہیں۔
انہوں نے 2004 میں انگلینڈ کے خلاف اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے ٹیسٹ میں سنچری بنائی۔ کارتک 2007 میں ہندوستان کی ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ کارتک نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 26 ٹیسٹ، 94 ون ڈے اور 60 ٹی 20 میچ کھیلے ہیں۔












