سرینگر،22؍جون،سماج نیوز سروس:( بلال مولوی)سالانہ امرناتھ یاترا کیلئے آنے والے یاتری یہاں سے پیار اور محبت کا پیغام لے کر جائیں گے کی بات کرتے ہوئے صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ یہاں کے مسلمانوں کی بدولت ہی یاترا ممکن ہو پاتی ہے اور مسلمانانِ کشمیر نے امرناتھ یاترا کو یقینی بنانے کیلئے ہمیشہ تاریخی رول ادا کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گذشتہ روز بال تل سونہ مرگ کے بعد آج پہلگام جاکر وہاں امرناتھ یاترا کے سلسلے میں
یاتریوں کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ رکن پارلیمان نے وہاں مختلف محکموں کے افسران کیساتھ ایک میٹنگ کی بھی صدارت کی اور درشن کیلئے آنے والے یاتریوں کیلئے کئے جارہے انتظامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے وہاں نصب کئے گئے خیموں اور ہسپتال میں رکھی گئی طبی سہولیات کابھی معائنہ کیااور چندن واڑی تک گئے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے یاتریوں کیلئے انتظامیہ کی طرف سے رکھے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم ہسپتال میں نیم طبی عملہ کی کمی کا معاملہ اُجاگر کیا اور کہا کہ وہ متعلقہ حکام پر زور دینگے کہ یہاں بہت سارے نرسنگ گریجویٹ بے روزگار ہیں ، جن کو عارضی طور پر دو ماہ کیلئے تعینات کیا جاسکتا ہے ۔ اس موقعے پر رکن پارلیمان نے کہا کہ یاترا کیلئے آنے والے یاتری یہاں سے پیار اور محبت کا پیغام لے کر جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے مسلمانوں کی بدولت ہی یاترا ممکن ہو پاتی ہے اور مسلمانانِ کشمیر نے امرناتھ یاترا کو یقینی بنانے کیلئے ہمیشہ تاریخی رول ادا کیا ہے ۔
انہوں نے انتظامیہ اور شرائن بورڈ کے حکام کو ہدایت دی کی کہ وہ یاتریوں کی ہر سطح پر راحت پہنچانے کیلئے مستعد رہیں۔












