کٹیہار بلقیس خاتون : ضلع میں پوشن پکھواڑا (9 سے 23 اپریل 2026) کے سلسلے میں ضلع سطحی ابھسرن سمنویہ سمیتی و ضلع پوشن سمیتی کی ایک اہم میٹنگ ضلع مجسٹریٹ آشوتوش دویدی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں 0 سے 6 سال تک کے بچوں کی ہمہ جہتی نشوونما، ماں اور بچے کی بہتر غذائیت اور ابتدائی ذہنی ترقی کو یقینی بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ ضلع مجسٹریٹ نے آئی سی ڈی ایس، صحت، تعلیم، پنچایتی راج، زراعت، پی ایچ ای ڈی سمیت تمام متعلقہ محکموں کو باہمی تال میل مضبوط بنانے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی پی آر آئی نمائندوں، خود امدادی گروپوں اور نوجوانوں کی فعال شرکت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ پنچایت سطح پر پوشن چوپال، پوشن میلہ اور بیداری ریلیوں کے انعقاد کی ہدایات جاری کی گئیں۔ میٹنگ میں درج ذیل اہم موضوعات پر خصوصی گفتگو کی گئی: ماں اور بچے کی غذائیت میں بہتری 0 تا 3 سال کے بچوں کے لیے ابتدائی ذہنی تحریک (Early Childhood Stimulation) 3 تا 6 سال کے بچوں کے لیے کھیل پر مبنی تعلیم بچوں کے اسکرین ٹائم میں کمی آنگن باڑی مراکز کو مضبوط بنانے کے لیے سماجی تعاون۔ اس موقع پر مختلف بیداری سرگرمیوں کے انعقاد پر بھی تفصیلی منصوبہ بندی کی گئی، جن میں شامل ہیں:“پوشن پر چرچا” کے تحت بیداری اجلاس۔ حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی ماؤں اور بچوں کے لیے صحت جانچ کیمپ۔ آنگن باڑی مراکز پر نشوونما کی نگرانی۔ غذائیت سے متعلق ترکیبوں کی نمائش اور مقابلے اور کھیل پر مبنی تعلیمی سرگرمی۔ خاندان خصوصاً والد کی شرکت کو فروغ دینا۔ "نو اسکرین آور” مہم اور بیرونی سرگرمیوںکی حوصلہ افزائی.پوشن میلہ اور کمیونٹی پروگرامضلع مجسٹریٹ نے تمام سرگرمیوں کی باقاعدہ نگرانی اور بروقت رپورٹنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پوشن پورٹل پر درست اور وقت پر معلومات اپلوڈ کی جائیں۔ انہوں نے آنگن باڑی مراکز میں صاف پینے کے پانی، بیت الخلا اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو لازمی قرار دیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل کلکٹر ونود کمار، ضلع پروگرام افسر کماری پورنیما، سول سرجن، ضلع پنچایتی راج افسر، ضلع تعلیم افسر، ضلع فلاحی افسر، ضلع پروگرام منیجر (جیویکا)، ڈی آر ڈی اے ڈائریکٹر سمیت متعدد افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندے موجود تھے، جبکہ سب ڈویژنل افسران اور بلاک ترقیاتی افسران ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شریک ہوئے۔میٹنگ کے اختتام پر عوامی بیداری کے مقصد سے ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ نے مشترکہ طور پر غبارے اڑا کر پوشن پکھواڑا مہم کا پیغام عام کیا، جبکہ رنگولی پروگرام، شجرکاری، سیلفی اسٹینڈ اور پوشن حلف برداری جیسی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔












